پشاور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا بہادروں کی سرزمین ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پشاور کے صحافیوں نے بھی قربانیاں دی ہیں، صحافیوں کے خون کا بھی اس جنگ میں حصہ ہے۔ شہید صحافیوں کے اہل خانہ کی حکومتی سطح پر مدد کی جائے گی۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ کوہاٹ کے دلخراش واقعے میں زخمیوں کو دیکھ کر افسوس ہوا، وہ شہید کانسٹیبل رحیم اللہ کے گھر بھی گئے جہاں ان کے والد نے بتایا کہ رحیم اللہ ان کا اکلوتا بیٹا تھا۔
وفاقی وزیر نے پشاور کے صحافیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے صحافیوں کی فہرست تیار کی جائے اور ان کے اہل خانہ کی حکومتی سطح پر مدد کی جائے گی۔
عطاء تارڑ نے بتایا کہ ان کے پشاور کے دورے کا آج دوسرا روز ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے جامعہ حقانیہ کا دورہ کیا اور جمعیت علمائے اسلام (س) کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ ان کے مطابق جے یو آئی (س) کے رہنماؤں سے بہت اچھی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے میں جلائی گئی ریڈیو پاکستان کی عمارت کا بھی افتتاح کیا گیا ہے، جسے چھ ماہ میں مکمل کیا گیا۔ پشاور کا کوئی بھی صحافی ریڈیو پاکستان میں پوڈکاسٹ یا دیگر پیشہ ورانہ سرگرمی کرنا چاہے تو اسے اجازت دی جائے گی۔
مزید پڑھیں:امیر مقام، ڈاکٹر نجیب نقی ملاقات، آزاد کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریڈیو پشاور کی اپنی ایک تاریخ ہے، جبکہ پشاور پریس کلب آمد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’’دیر آید، درست آید، آج پشاور پریس کلب آیا ہوں۔‘‘













منگل 22 ستمبر 2026 

