وزیراعظم کی یواین کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، عالمی و علاقائی امور پر گفتگو

Calender Icon جمعہ 25 ستمبر 2026

نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات میں مشرق وسطیٰ، افغانستان اور اسلاموفوبیا سمیت عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان سرزمین سے بڑھتی دہشگردی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ایرانی صدر اور بنگلہ دیشی وزیراعظم سے ملاقاتوں میں علاقائی امن، تجارت اور باہمی تعاون بڑھانےپراتفاق کیا گیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات میں وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام اور عالمی امن و ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے وابستگی بھی واضح کردی۔

وزیراعظم نےمشرق وسطیٰ کی صورتحال اور بڑھتی علاقائی کشیدگی سمیت تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی ضرورت پر زوردیا۔ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

مزیدپڑھیں:پی ٹی آئی ممکنہ لانگ مارچ: فیض آباد میں تمام ہوٹلز بند کرادیے گئے

افغان سرزمین سے دہشتگردی میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے بڑھتے اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے مؤثر عالمی اقدامات کی ضرورت اجاگر کی۔

انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات ہوئی، بنگلہ دیشی وزیراعظم طارق رحمٰن سے ملاقات میں بھی باہمی روابط کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کی صدارت سنبھالنے پر بنگلہ دیش کو مبارکباد دی۔ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔