ساہیوال: سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل چوہدری محمد اشرف لیڈر 90 سال کی عمر میں انتقال کرگئے وہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دیرینہ ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔
میڈیا رپورٹسکے مطابق چوہدری محمد اشرف نے طویل سیاسی اورقانونی زندگی گزاری اور قومی سیاست کے ساتھ ساتھ وکالت کے شعبے میں بھی اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔
سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل چار مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور پارلیمانی امور میں بھی فعال کردار ادا کرتے رہے۔
چوہدری اشرف قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لاء اینڈ جسٹس کے چیئرمین بھی رہ چکے تھے جبکہ انہوں نے پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔
نواز شریف کے دیرینہ ساتھی تھے
چوہدری اشرف کا شمار سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دیرینہ سیاسی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ سیاسی و قانونی حلقوں میں انہیں طویل عرصے تک فعال کردار ادا کرنے والی شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔
ان کے انتقال پر سیاسی اور وکلا حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ ساتھی وکلا نے مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نماز جنازہ کل صبح 10 بجے ہوگی
چوہدری اشرف لیڈر کی نماز جنازہ کل صبح 10 بجے مسجد شہداء فرید ٹاؤن کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا، اہل خانہ، عزیز و اقارب اور سیاسی و قانونی شخصیات نماز جنازہ میں شرکت کریں گی۔
ساہیوال بار کا تین روزہ سوگ کا اعلان
سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل چوہدری اشرف لیڈر کے انتقال پر بار ایسوسی ایشن ساہیوال نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔صدرساہیوال بارکے مطابق مرحوم کی وفات کے سوگ میں ساہیوال بار کے وکلا کل عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیں:فیول ریلیف اسکیم، ایک ہفتے میں 47 لاکھ افراد مستفید ہو چکے، وفاقی وزراء
انہوں نے چوہدری محمد اشرف لیڈر کے انتقال کو وکلا برادری کیلئے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کی قانونی خدمات کو سراہا۔بار ایسوسی ایشن کی جانب سے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور اظہار ہمدردی بھی کیا گیا ہے۔













جمعہ 25 ستمبر 2026 

