پہلی تاریخی جھنگ ڈیزرٹ ریلی اور تین روزہ ثقافتی فیسٹیول 9 تا 11 اکتوبر 2026 کو منعقد ہوگا

Calender Icon ہفتہ 26 ستمبر 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کے فروغ اور مقامی روایات کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پہلی تاریخی جھنگ ڈیزرٹ ریلی اور تین روزہ ثقافتی فیسٹیول 9، 10 اور 11 اکتوبر 2026ء کو تحصیل اٹھارہ ہزاری کے مقام رحمت آباد جھنگ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

جھنگ ڈیزرٹ ریلی و ثقافتی فیسٹیول کے انعقاد کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے تقریب کے مقام پر ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں سابق ممبرانِ صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ، سلطان سکندر بھروانہ، راشدہ یعقوب شیخ، خالد غنی، صاحبزادہ مولانا محمد آصف معاویہ، امیر عباس سیال، مکرم وحید شیخ سمیت دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے بتایا کہ ریلی کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں خواتین کی ریس کا مقابلہ بھی خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ایونٹ کا مقصد محض ایک ریس کا انعقاد نہیں ہے بلکہ اس کے ذریعے جھنگ کی حقیقی شناخت، صحرائی خوبصورتی، ثقافت، روایات، تاریخی و سیاحتی مقامات اور قدرتی حسن کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانا ہے۔

ضلع جھنگ چھ ہزار مربع کلومیٹر پر محیط وسیع تھل کے صحرائی علاقوں، دریائے چناب اور دریائے جہلم کے سنگم، اور اپنے منفرد تاریخی ورثے کی وجہ سے ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا بنیادی ہدف جھنگ کے ان تمام خوبصورت اور منفرد پہلوؤں کو ایک بڑے پلیٹ فارم کے ذریعے اجاگر کرنا ہے۔ اس تین روزہ ایونٹ میں ملک بھر سے تقریباً 100 بہترین اور ماہر ڈرائیورز، رائیڈرز اور دنیا بھر سے سیاح شرکت کریں گے۔ شرکاء کو جھنگ کے صحرائی خطے میں 95 کلومیٹر طویل ٹریک پر ڈرائیونگ اور ایڈونچر کا ایک بالکل انوکھا تجربہ ملے گا، جبکہ عام شائقین کے لیے بھی تفریح کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔

فیسٹیول کے دوران ڈیزرٹ ریلی کے ساتھ ساتھ تھل کی قدیم ثقافت، گھڑ سواری، گھوڑا ڈانس، روایتی کھیل، کبڈی، والی بال، لوک موسیقی، میوزیکل نائٹس اور دیگر تفریحی و ثقافتی سرگرمیاں بھی اس کا حصہ ہوں گی۔ ان تمام سرگرمیوں کے ذریعے جھنگ کی مقامی روایات، ثقافتی کھیلوں اور فنون کو بھرپور انداز میں نمایاں کیا جائے گا۔ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے مہمانوں کو جھنگ کی روایتی مہمان نوازی سے روشناس کرانے کے لیے تھل کے صحرا میں باقاعدہ رہائشی کیمپس اور فوڈ کورٹس بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔