پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر بند کی جانے والی تمام موٹرویز صبح 6 بجے ٹریفک کے لیے کھول دی جائیں گی

Calender Icon ہفتہ 26 ستمبر 2026

موٹروے پولیس کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ سکیورٹی خدشات اور احتجاج کے پیش نظر بند کی جانے والی تمام موٹرویز کل صبح 6 بجے سے ٹریفک کے لیے بحال کر دی جائیں گی، جس کے بعد شہری معمول کے مطابق سفر کر سکیں گے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق کل صبح 6 بجے سے ایم ون، ایم 14 اور ای 35 سمیت تمام موٹرویز کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔ جن اہم شاہراہوں پر ٹریفک بحال کی جا رہی ہے ان میں ایم ون پشاور موٹروے، ایم 14 اسلام آباد-ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے اور ای 35 ہزارہ موٹروے شامل ہیں۔ شہری کل صبح 6 بجے کے بعد ان تمام شاہراہوں پر معمول کے مطابق سفر کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ ان اہم شاہراہوں کی بندش کا پس منظر 27 ستمبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے اعلان کردہ احتجاج اور لانگ مارچ کے سیکیورٹی انتظامات سے جڑا ہوا تھا۔ اس حوالے سے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 23 ستمبر کو امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ایم ون، ایم 14، ہزارہ موٹروے اور جی ٹی روڈ کے بعض حصوں کو رات 11 بجے سے تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف بند کیا گیا تھا، ایم 14 کو ہکلہ سے کنڈل تک بند رکھا گیا، جی ٹی روڈ اٹک خورد کے مقام پر بند کی گئی، اور ای 35 ہزارہ موٹروے کو برہان انٹرچینج کے قریب بند کیا گیا تھا جبکہ رابطہ سڑکوں پر بھی آمدورفت محدود تھی۔ تاہم بعد ازاں تحریک انصاف کی جانب سے اپنے احتجاج کو 4 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا گیا، جس کے نتیجے میں حکومت اور سکیورٹی اداروں نے بند کی گئی ان اہم شاہراہوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔