ایشین گیمز(Asian Games) مینز والی بال کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
اوکازاکی چوئو سوگو پارک جمنازیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے بھارت کو تینوں سیٹس میں بالترتیب 19-25، 23-25 اور 18-25 سے شکست دی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے مسلسل دوسرے ایشین گیمز میں بھارت کو زیر کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کا ایونٹ میں سفر ختم کردیا۔
پاکستان کی جانب سے مراد خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں سب سے زیادہ 22 پوائنٹس حاصل کیے۔
Breaking 📣
Pakistan 🇵🇰 has thrashed India 🇮🇳 by 3-0 in the #AsianGames2026 Volleyball 🏐 QF 💪💪💪
Enjoy the winning moments of Team Pakistan 🇵🇰💚 pic.twitter.com/z9BJdnjlpD
— Saad Butt (@CricBellz) October 1, 2026
عثمان فریاد علی نے 9، محمد حامد نے 8 جبکہ موساور خان نے 7 پوائنٹس اسکور کیے، کپتان مراد جہان نے بھی 4 پوائنٹس حاصل کیے۔
دنیا کی 39ویں نمبر کی پاکستانی ٹیم نے ایشین گیمز میں قازقستان کو 3-1 اور ازبکستان کو 3-0 سے شکست دی تھی، جبکہ پول اے کے آخری میچ میں میزبان جاپان کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان پول اے میں دوسرے نمبر پر رہا۔
مزیدپڑھیں:ایشین گیمز: پاکستان اسکواش ٹیم فائنل میں پہنچ گئی
دوسری جانب بھارت نے ناک آؤٹ مرحلے تک کوئی میچ نہیں ہارا تھا۔ بھارتی ٹیم نے ویتنام اور ہانگ کانگ کو 3-0 سے شکست دی، جبکہ قطر کے خلاف پانچ سیٹ پر مشتمل سخت مقابلے کے بعد پول سی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
پاکستان نے پہلے سیٹ ہی سے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی اور 23 منٹ میں پہلا سیٹ 19-25 سے اپنے نام کیا۔
دوسرے سیٹ میں بھارت نے بھرپور مزاحمت کی اور ایک موقع پر 16-13 کی برتری بھی حاصل کی، تاہم پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور 19-19 سے برابر کیا اور پھر 23-25 سے سیٹ جیت کر میچ میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
تیسرے سیٹ میں پاکستان نے ابتدا ہی سے برتری برقرار رکھی اور 10-17 کی مضبوط برتری حاصل کرلی۔ بھارت نے 2 میچ پوائنٹس بچائے، تاہم پاکستان نے تیسری کوشش میں 18-25 سے سیٹ جیت کر کوارٹر فائنل 0-3 سے اپنے نام کرلیا۔













جمعرات 1 اکتوبر 2026 

