Advertisement

 بلائنڈ ایشیا کپ سیمی فائنل،پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

Calender Icon منگل 17 نومبر 2026

پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں فیصلہ کن معرکہ بیس نومبر کو کھیلا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں جاری ایونٹ کے سیمی فائنل میچ میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 180 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کی آخری گیند پر حاصل کیا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں مقابلہ انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا تھا جب پاکستان کو جیت کے لیے آخری دو گیندوں پر سات رنز درکار تھے۔ اس نازک موقع پر پاکستانی بلے باز نعمت اللہ نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے آخری اوور کی پانچویں گیند پر شاندار چھکا جڑ کر اسکور برابر کر دیا، جبکہ آخری گیند پر درکار ایک رن کے لیے زوردار چوکا لگا کر پاکستان کو تاریخی فتح سے ہمکنار کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز اسکور کیے تھے۔ بھارتی بیٹنگ لائن میں کپتان درگاہ راؤ 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ سنجے کمار نے 30 اور دنا وینکتیش نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بابر علی، بدر منیر اور محمد ادریس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ اب 20 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔