ایشین گیمز مینز کرکٹ: پاکستان اوربھارت فائنل میں ٹکرائیں گے

Calender Icon جمعرات 1 اکتوبر 2026

ایشین گیمز مینز کرکٹ میں پاکستان اوربھارت فائنل میں، پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلا دیش جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست سے دوچار کیا۔

پہلے سیمی فائنل کا احوال
ایشین گیمز 2026 مینز کرکٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلا دیش کو شکست دی۔

جاپان کے شہر نشین میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 13 اوورز میں 111 رنز بنائے،پاکستان نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 9 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔

یاد رہے میچ آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث 13، 13 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔ پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلا دیش کے اوپنرز سیف حسن اور تنزید حسن نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 17 رنز کی شراکت قائم کی تاہم عرفات منہاس نے دوسرے اوور میں تنزید حسن کو آؤٹ کردیا۔

اس کے بعد بنگلا دیش کو یکے بعد دیگرے دو مزید نقصانات اٹھانا پڑے۔ صائم ایوب نے کپتان لٹن داس کو 2 رنز پر بولڈ کیا جبکہ عرفات منہاس نے پرویز حسین کو ایک رن پر پویلین بھیج دیا، جس کے بعد بنگلا دیش کا اسکور 21 رنز پر 3 وکٹیں ہوگیا۔

ابتدائی مشکلات کے بعد توحید ہردوئے نے سیف حسن کے ساتھ مل کر اننگز سنبھالی اور چوتھی وکٹ کے لیے 24 رنز کی شراکت قائم کی۔ سیف حسن کو سفیان مقیم نے ساتویں اوور میں آؤٹ کیا۔ انہوں نے 17 گیندوں پر 19 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

اس کے بعد ہردوئے نے مصدق حسین کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بنائے اور پانچویں وکٹ کے لیے 53 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم دونوں کو اننگز کے آخری حصے میں سفیان مقیم نے پویلین واپس بھیج دیا۔

توحید ہردوئے بنگلا دیش کے ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 25 گیندوں پر 42 رنز بنائے، جس میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، جبکہ مصدق حسین نے 16 گیندوں پر 11 رنز بنائے۔

بعدازاں مہدی حسن نے ناقابل شکست 8 اور ریشاد حسین نے 2 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 3 اوورز میں 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عرفات منہاس نے 2 جبکہ صائم ایوب نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی بیٹنگ
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور کپتان صاحبزادہ فرحان پہلے ہی اوور میں ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 6 رنز تھا۔

اوپنر معاذ صداقت نے دو چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا تاہم وہ اگلے ہی اوور میں نسیم احمد کا شکار بن گئے۔ معاذ صداقت نے 7 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔

صائم ایوب نے بھی تیز آغاز کیا اور مستفیض الرحمان کے اوور میں 2 چھکے اور ایک چوکا لگایا، تاہم تجربہ کار فاسٹ بولر نے اگلے ہی اوور میں انہیں 12 گیندوں پر 21 رنز بنا کر پویلین واپس بھیج دیا۔

عثمان خان نے حسن نواز کے ساتھ مل کر 15 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم وہ ساتویں اوور کی پہلی گیند پر ریشاد حسین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اس وقت پاکستان کا اسکور 53 رنز تھا اور 4 وکٹیں گر چکی تھیں۔

عثمان خان کے آؤٹ ہونے کے بعد عبدالصمد نے میدان سنبھالا اور حسن نواز کے ساتھ مل کر بنگلا دیشی بولنگ کا بھرپور مقابلہ کیا۔دونوں بیٹرز نے صرف 32 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔

عبدالصمد نے 15 گیندوں پر 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ حسن نواز 22 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلا دیش کی جانب سے مہدی حسن، مستفیض الرحمان، ریشاد حسین اور نسیم احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید پڑھیں:آئی سی سی نے کھیل کے قوانین اور پلیئنگ کنڈیشنز میں اہم تبدیلیاں کر دیں

دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، بھارت نےسری لنکاکو 124 رنز سے شکست دی۔170 رنز ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 45 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی ، ایشین گیمز مینز کرکٹ کا فائنل پاکستان اوربھارت کےدرمیان 3 اکتوبر کو ہوگا۔