امریکی کوسٹ گارڈ نے نانٹکیٹ کے ساحل کے قریب لاپتا ہونے والے طبی امدادی طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا، تاہم طیارے میں سوار تمام 6 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے فوکس نیوز کے مطابق امریکی کوسٹ گارڈ نے بوسٹن جاتے ہوئے لاپتا ہونے والے طبی امدادی طیارے کا ملبہ امریکی ریاست میساچوسٹس کے علاقے نانٹکیٹ کے قریب سمندر میں تلاش کرلیا، تاہم طیارے میں سوار 6 افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق ہفتے کی صبح تقریباً 2 بجے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اطلاع دی کہ برمودا سے بوسٹن جانے والے گلف اسٹریم جی 100 طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ طیارے کا ٹیل نمبر سی جی آر جے پی تھا۔
حکام کے مطابق طیارے میں سوار 6 افراد میں سے 4 کینیڈین شہری اور ایک مریض سمیت برمودا کے 2 شہری شامل تھے۔ واقعے سے متعلق تمام مسافروں کے قریبی رشتہ داروں کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
لاپتا افراد کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے، جس میں امریکی کوسٹ گارڈ اور دیگر اداروں کے متعدد طیارے، ہیلی کاپٹر اور ریسکیو کشتیاں حصہ لے رہی ہیں۔
تلاش کی کارروائی میں کیپ کوڈ سے ایچ سی 144 اوشن سینٹری طیارہ، الزبتھ سٹی سے ایچ سی 130 ہرکیولس، کیپ کوڈ سے ایم ایچ 60 جے ہاک ہیلی کاپٹر، برانٹ پوائنٹ اسٹیشن کی 47 فٹ موٹر لائف بوٹس اور بوسٹن میں تعینات فاسٹ رسپانس کٹر ولیم اسپارلنگ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نیویارک ایئر نیشنل گارڈ کے 106ویں ریسکیو ونگ کے 2 ہیلی کاپٹر اور ایک ایچ سی 130 طیارہ بھی سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق تقریباً 27 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 644 مربع میل کے سمندری علاقے میں تلاش کی کارروائی کی جاچکی ہے، جبکہ کوسٹ گارڈ کا کٹر ولیم اسپارلنگ رات بھر سرچ آپریشن جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں:سلمان اکرم راجا نے حکومتی ٹیم کیساتھ مذاکرات ناکامی کی بنیادی وجہ بتا دی
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار تمام 6 افراد کی تلاش جاری رکھی جائے گی، جبکہ واقعے سے متعلق مزید معلومات دستیاب ہونے پر فراہم کی جائیں گی۔













اتوار 4 اکتوبر 2026 

