وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری(Talal Chaudhry) نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بلڈ پریشر کے علاج کے لیے ماہر ترین ڈاکٹر کو بلایا گیا تھا، عمران خان کے بلڈ پریشر کی دوا تبدیل کی گئی، اب سب کنٹرول میں ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فیملی کو بانی کے علاج سے متعلق علم تھا ، بانی کی صحت سے متعلق کوئی بات نہیں چھپائی جا رہی، انہیں بہترین علاج معالجہ فراہم کیا گیا، علاج کے بعد بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر نارمل اور آئیڈیل ہوا، بانی کا جتنا دھیان رکھا جارہا ہے شاید گھر میں بھی کوئی اپنا اتنا دھیان نہ رکھ پائے۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف عامر ڈوگر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے مذاکرات مثبت پیشرفت ہو سکتی ہے، ایک اور نشست ہوتی تو نتیجہ نکل سکتا تھا۔
مزید پڑھیں:کوہاٹ؛ پولیس چوکی پر فتنۃ الخوارج کا حملہ، 4 اہلکار زخمی
سلمان اکرم راجا نے کہا تھا کہ مذاکرات کے دوران ہمیں بتایا گیا کہ عمران خان کا بلڈپریشر ٹھیک نہیں ہو رہا تھا، پھر لندن سے ایک ماہر ڈاکٹر بلایا گیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا یہ افواہیں ہیں کسی نے بھی اگر بتایا ہے تو غلط بتایا ہے، عمران خان کا کوئی صحت کا مسئلہ سامنے نہیں آیا۔ تاہم رانا ثناء اللہ نے اس بات کی نفی کردی اور کہا کہ ڈاکٹر کو بلایا گیا تھا۔
نمائندہ جیو نیوز شبیر ڈار کی خبر کے مطابق عمران خان کے علاج کے لیے لندن سے ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کو اڈیالہ جیل بلایا گیا تھا۔
اس حوالے سے وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے ایسا ڈاکٹر ڈھونڈا گیا جو برطانیہ اور پاکستان دونوں جگہ پریکٹس کرتا ہو ، بانی پی ٹی آئی کی فیملی بھی اس ڈاکٹر پر مطمئن ہے۔













بدھ 7 اکتوبر 2026 

