وسیم اکرم ڈراموں میں انٹری کے لیے تیار، کس اداکارہ کے ساتھ نظر آئیں گے؟

Calender Icon اتوار 11 اکتوبر 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری کھلاڑی وسیم اکرم (Wasim Akram)اب جلد ہی ٹیلی ویژن اسکرین پر اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔ اطلاعات کے مطابق وسیم اکرم ایک نئے آنے والے ڈرامے میں اداکارہ ماہ نور بلوچ کے ساتھ نظر آئیں گے اور اس پروجیکٹ کی ہدایات فہیم برنی دیں گے۔

ڈرامے کے ہدایت کار فہیم برنی نے اس حوالے سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی معلومات شیئر کی ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبر تیزی سے پھیل گئی۔ فی الحال یہ ڈرامہ اپنی تیاری کے ابتدائی مرحلے میں ہے اور پروڈیوسرز کاسٹ کے دیگر فنکاروں کے ساتھ حتمی بات چیت کر رہے ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by The Times of Drama (@timesofdrama)


اس ڈرامے کے حوالے سے ایک اور دلچسپ خبر یہ ہے کہ پروڈکشن ٹیم معروف اداکارہ ماہرہ خان سے بھی خصوصی کردار کے لیے رابطہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ڈرامے میں ان کی مختصر شرکت منصوبے کو مزید توجہ دلا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:تنخواہ دار ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، ایڈوانس ٹیکس کے نوٹسز پر چیئرمین ایف بی آر کا اہم حکم

ماہرہ خان پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے علاوہ بالی وڈ فلم ’رئیس‘ میں بھی کام کر چکی ہیں۔ تاہم، نئے ڈرامے میں ان کی شرکت کے بارے میں ابھی حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ اسی طرح ڈرامے کی مکمل کاسٹ، کہانی اور ریلیز کی تاریخ بھی تاحال واضح نہیں ہے۔


وسیم اکرم کی ممکنہ ڈرامہ انٹری پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کچھ لوگ انہیں اداکاری کرتے دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں، جبکہ بعض صارفین کا خیال ہے کہ کرکٹرز کو اداکاری کے بجائے اپنے شعبے تک محدود رہنا چاہیے۔

ٹی وی ناقد ڈاکٹر اعجاز وارث نے کاسٹنگ پر تنقید کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ٹی وی اداکاروں کو گھر بیٹھ جانا چاہیے اور کرکٹرز کو اداکاری شروع کر دینی چاہیے۔


دوسری جانب اداکارہ جویریہ عباسی نے وسیم اکرم اور ماہ نور بلوچ کی ممکنہ جوڑی پر خوشی کا اظہار کیا۔


ایک پاکستانی صارف نے مزاحیہ انداز میں ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اشتہارات میں دیکھ کر ہی مشکل سے گزارا کرتے تھے اور اب ڈراموں میں بھی برداشت کرنا پڑے گا۔


اس تمام بحث کے باوجود وسیم اکرم کے مداح ان کے اس نئے انداز کو دیکھنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں اور اس پراجیکٹ کے باضابطہ آغاز کا انتظار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم کا شمار دنیا کے بہترین لیفٹ آرم فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے شاندار کرکٹ کیریئر میں ایک روزہ میچوں میں 500 سے زائد وکٹیں حاصل کیں اور وہ 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

کرکٹ کے میدان سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کمنٹری اور تجزیہ کاری میں سرگرم رہے ہیں، تاہم انہیں اداکاری اور میزبانی کا بھی شوق ہے۔ وسیم اکرم 2011 کی فلم ’کرچیاں‘، 2017 کی فلم ’سچن: اے بلین ڈریمز‘ اور 2023 کی پاکستانی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں بھی دکھائی دے چکے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ بھارتی کامیڈی پروگراموں ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ اور ’دی کپل شرما شو‘میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔ مختلف پروگراموں میں جج اور میزبان کی حیثیت سے کام کرنے کا تجربہ بھی رکھتے ہیں اور اب وہ باقاعدہ طور پر ٹی وی ڈراموں میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔