صاحبزادہ فرحان نے بھارتی بیٹر ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا

Calender Icon بدھ 14 اکتوبر 2026

فرحان اپنی گزشتہ 11 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 632 رنز بنا چکے ہیں جن میں دو سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں

پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں بطور کپتان شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔

انہوں نے تین میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑ دیا۔

صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں مجموعی طور پر 238 رنز اسکور کیے، جبکہ ابھیشیک شرما نے 2026 میں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 229 رنز بنائے تھے۔

30 سالہ پاکستانی بیٹر نے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔ انہوں نے پہلے میچ میں 53 گیندوں پر 89 رنز بنائے، دوسرے میں 44 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تیسرے میچ میں 47 گیندوں پر 76 رنز اسکور کیے۔

فرحان کی عمدہ کارکردگی کے باوجود پاکستان کو آخری میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم میزبان ٹیم نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

مزید پڑھیں:سلمان خان نے مقبول ٹی وی شو میں باپ بننے کی خواہش ظاہر کر دی

شاندار کھیل پر صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔وہ اپنی گزشتہ 11 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 632 رنز بنا چکے ہیں جن میں دو سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔