وفاقی وزیرخزانہ، آئی ایم ایف سربراہ ملاقات، مزید معاشی اصلاحات پر زور

Calender Icon جمعرات 15 اکتوبر 2026

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات ہوئی،جس میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے معاشی اصلاحات جاری رکھنے پر زور دیا۔

وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات ہوئی ہے،ملاقات بینکاک میں آئی ایم ایف اورورلڈبینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پرہوئی،جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف سربراہ کو پاکستان کے ساتھ حالیہ اسٹاف لیول معاہدے سے آگاہ کیا،انہوں نےبتایاکہ توانائی،ٹیکس سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے،کرسٹالینا جارجیوا نےپاکستان میں معاشی اصلاحات کا عمل مسلسل جاری رکھنے پر زور دیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےبینکاک میں جےپی مورگن کےسرمایہ کاری سیمینار سے خطاب میں معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور بین الاقوامی مالی وسائل کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔سیمینار کا موضوع ’’پاکستان: غیر یقینی عالمی معاشی حالات میں استحکام کی جانب سفر‘‘ تھا۔

وزیر خزانہ نے محصولات میں اضافے، ترسیلات زر،زرمبادلہ کے ذخائر، جاری کھاتے کے خسارے اور بیرونی ادائیگیوں سے متعلق امور پرگفتگو کی،انہوں نےبیرونی قرضوں کے مجموعی حجم میں اضافہ کیے بغیر مالی معاونت کےحصول اور مہنگے قرضوں کی جگہ کم لاگت کے مالی وسائل حاصل کرنے کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔

محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف پروگرام پرعمل درآمد جاری رکھنے اورساختی اصلاحات آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا،انہوں نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے محتاط زری پالیسی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے مستحق گھرانوں کو معاونت فراہم کرنے اور توانائی کی خریداری میں محتاط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے برآمدات پرمبنی پائیدار معاشی ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سیمینار میں وفاقی اور صوبائی سطح پر مالیاتی رابطہ کاری بہتر بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں شراکت داری مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سےقبل آئی ایم ایف کی جانب سےورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2026 جاری کی گئی ہے،رپورٹ کے مطابق پاکستان میں معاشی شرح نمو سست،مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے،پاکستان کی معاشی شرح نمو مالی سال 2026 میں 3.6 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

مالی سال 2027 میں ملک کی معاشی ترقی کی شرح 3.5 فیصد تک محدود رہنےکی توقع ہے،پاکستان میں مہنگائی اس سال 7.1 فیصد،اگلےسال بڑھ کر9.9 فیصد ہونےکاامکان ہے،آئی ایم ایف نے رواں سال پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 6.9 فیصد رہنےکی پیشگوئی کردی۔

رپورٹ کےمطابق اگلےمالی سال پاکستان میں بےروزگاری کی شرح کم ہوکر 6.5 فیصد ہونےکی توقع ہے، مالی سال 2027 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے ایک فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف کےمطابق عالمی معاشی ترقی کی شرح 2026 میں کم ہوکر 3.1 فیصد رہنے کا امکان ہے، عالمی معیشت کی شرح نمو 2027 میں بڑھ کر 3.4 فیصد ہونے کی توقع ہے۔

رپورٹ کےمطابق عالمی سطح پر مہنگائی کی شرح 2026 میں بڑھ کر 4.7 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے،عالمی مہنگائی 2027 میں کم ہو کر 4.1 فیصد رہنے کی توقع ہے، ٹیکنالوجی میں ترقی،معاشی حالات سےمطابقت نےعالمی معیشت کوبحرانوں کے اثرات سےبچانے میں مدد دی۔

آئی ایم ایف کےمطابق توانائی درآمد کرنے والےممالک کو عالمی معاشی حالات میں زیادہ مشکلات کا سامنا ہے،عالمی تنازعات میں مزید شدت معاشی ترقی کو متاثر کر سکتی ہے، اےآئی سےمتعلق توقعات میں تبدیلی،تجارتی کشیدگی،حکومتی مالی مسائل عالمی معاشی ترقی کمزورکرسکتےہیں۔

مزید پڑھیں:PM&DC داخلےکیلئےایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی قرار،داخلہ پالیسی و فیس کا اعلان

رپورٹ کےمطابق مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری،پیداواری صلاحیت میں اضافےسےعالمی معاشی ترقی بہترہوسکتی ہے، عالمی سیاسی اور تجارتی کشیدگی میں مسلسل کمی سے معاشی ترقی کو تقویت مل سکتی ہے۔