عالمی منڈی میں سونا مسلسل چوتھے روز سستا، فی اونس قیمت 4,119 ڈالر پر آگئی

Calender Icon بدھ 21 اکتوبر 2026

عالمی منڈی میں سونے کی قیمت(Gold Rates) میں بدھ کو مسلسل چوتھے کاروباری سیشن کے دوران کمی ریکارڈ کی گئی۔ خام تیل کی بلند قیمتوں کے باعث مہنگائی کے خدشات بڑھنے اور امریکی فیڈرل ریزرو کے آئندہ شرحِ سود سے متعلق فیصلے کے انتظار نے سونے کی قیمتوں کو دباؤ میں رکھا۔

عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.1 فیصد کمی کے بعد 4,119.37 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ دسمبر میں ترسیل کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.1 فیصد گر کر 4,137 ڈالر فی اونس پر آگئے۔

ڈی ایچ ایف کیپٹل ایس اے کے چیف ایگزیکٹو اور اثاثہ جاتی امور کے ماہر باس کوئجمن کے مطابق، خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے سے مہنگائی کا دباؤ برقرار رہنے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں سخت مانیٹری پالیسی کی توقعات مضبوط ہوسکتی ہیں۔ ایسی صورت حال میں سونے کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑنے کا امکان ہے۔

مشرقِ وسطیٰ میں تیل کی رسد سے متعلق خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔ تاجروں کو بحیرۂ احمر میں بحری جہازوں کی آمدورفت کو لاحق خطرات اور سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات کو ممکنہ خطرات پر بھی تشویش ہے۔

دوسری جانب، ٹیسٹ لائیو کے عالمی معاشی امور کے سربراہ الیا اسپیوک نے کہا کہ اگر آئندہ سال شرحِ سود میں اضافے سے متعلق مارکیٹ کی توقعات کم ہوجاتی ہیں تو سونے کی قیمتوں میں بہتری آسکتی ہے۔

رائٹرز کے ایک سروے میں شامل تقریباً تمام ماہرینِ معیشت کی رائے ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو اکتوبر کے اجلاس میں شرحِ سود میں اضافہ نہیں کرے گا، تاہم دسمبر میں شرح بڑھانے کا امکان موجود ہے۔ یہ صورت حال ایسے وقت میں سامنے آرہی ہے جب مسلسل بلند مہنگائی کے باوجود امریکی پالیسی ساز محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں:کہیں ہلکی بارش تو کہیں ابرآلودموسم:محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق، 27 اور 28 اکتوبر کو ہونے والے امریکی فیڈرل ریزرو کے اجلاس میں شرحِ سود بڑھنے کے امکانات 15 فیصد رہ گئے ہیں، جبکہ دسمبر میں اضافے کے امکانات 88 فیصد بتائے گئے ہیں۔

شرحِ سود میں اضافہ عموماً سونے کی قیمتوں کے لیے منفی سمجھا جاتا ہے، کیونکہ سونا رکھنے پر سود یا باقاعدہ منافع حاصل نہیں ہوتا۔ اس کے برعکس، زیادہ شرحِ سود کی صورت میں سرمایہ کار دیگر مالیاتی اثاثوں کو ترجیح دے سکتے ہیں۔

ادھر امریکی ڈالر انڈیکس میں استحکام آنے سے بھی سونے کی طلب متاثر ہوئی۔ سرمایہ کاروں کی توجہ آئندہ ہفتے جاری ہونے والے امریکی ذاتی اخراجات کے اشاریے (پی سی ای) کے اعداد و شمار پر بھی مرکوز ہے، جو فیڈرل ریزرو کے لیے مہنگائی جانچنے کا اہم پیمانہ ہے۔ امریکی مرکزی بینک کا ہدف مہنگائی کو 2 فیصد تک محدود رکھنا ہے۔

دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتیں

عالمی منڈی میں چاندی کی قیمت 1.1 فیصد کمی کے بعد 57.35 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ پلاٹینم 0.6 فیصد گر کر 1,639.47 ڈالر، جبکہ پیلیڈیم ایک فیصد کمی کے بعد 1,091.78 ڈالر فی اونس پر آگیا۔