اہور / نئی دہلی: بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے لاہور میں منعقد ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کا باضابطہ دعوت نامہ موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ بھگونت مان نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران بتایا کہ کانفرنس کے منتظمین نے انہیں 27 نومبر کو لاہور آنے اور ان کی مکمل میزبانی کی پیشکش کی ہے۔
بھارتی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے اپنے مخصوص مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں بین الاقوامی دوروں کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے درکار سخت اجازت ناموں کا ذکر کیا۔
27 نومبر کو لاہور میں ورلڈ پنجابی کانفرس ہو رہی ہے مجھے بھی دعوت دی گئی ہے میں نے کہا مجھے فرانس اور جاپان نہیں جانے دیتے پاکستان کہاں جانے دیں گے ہمارے شاعر اور باقی لوگ لاہور جائیں گے میں بھی جانا چاہتا ہوں . انڈین پنجاب کا وزیراعلیٰ
اگر آپ کو اجازت ملے تو ہمیں بھی ساتھ لے جائیں. اسپیکر انڈین پنجاب اسمبلی
ہمیں بھی لیکر جانا..ارکان اسمبلی 😅— Muzamil (@muzamil_45) October 23, 2026
ان کا کہنا تھا کہ جب بھارتی حکومت انہیں فرانس اور جاپان جیسے ممالک جانے کی اجازت نہیں دیتی تو وہ انہیں پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟ تاہم انہوں نے اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کلچر، زبان اور ثقافت ایک ہی ہے، ہمارے شاعر اور دیگر فنکار لاہور جائیں گے اور ان کی بھی خواہش ہے کہ وہ خود بھی پاکستان کا دورہ کریں۔
اس موقع پر بھارتی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سے کہا کہ اگر انہیں لاہور جانے کی اجازت مل جائے تو وہ انہیں بھی اپنے ساتھ لے کر جائیں۔ اسپیکر کی اس بات پر وزیراعلیٰ بھگونت مان نے تجویز دی کہ وہ چاہتے ہیں کہ تمام ارکانِ اسمبلی مل کر کرتار پور کا دورہ بھی کریں۔













ہفتہ 24 اکتوبر 2026 

