معروف تامل گلوکار کرشنا راج 75  برس کی عمر میں انتقال کر گئے

Calender Icon پیر 26 اکتوبر 2026

معروف تامل گلوکار کرشناراج راماسامی 75 برس کی عمر میں بھارتی شہر چنئی میں انتقال کر گئے، تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے نے ان کے انتقال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تامل گلوکار کرشناراج کے انتقال سے فلمی موسیقی کے حلقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

رواں ہفتے معروف موسیقار دیوا 17 اکتوبر جبکہ ان کے بھتیجے اور اداکار کارتھک سبیش 20 اکتوبر کو انتقال کرگئے تھے۔ کرشناراج اور دیوا نے مل کر متعدد مقبول اور یادگار گیت تخلیق کیے۔

گلوکارہ انورادھا سری رام نے چنئی میں کرشناراج کی رہائش گاہ پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت کی، جبکہ اداکار سرتھ کمار نے بھی گلوکار کے ساتھ گزری یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ کرشناراج نے اپنے فنی کیریئر کے دوران 300 سے زائد گیت ریکارڈ کرائے۔

کرشناراج نے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے بطور ویور کام کیا۔ بعد ازاں انہوں نے موسیقی کی باقاعدہ تربیت حاصل کی اور مختلف ساز بجانا سیکھے۔ فلمی دنیا میں جگہ بنانے کی کوششوں کے دوران وہ مختلف موسیقی کے گروپس کے ساتھ گلوکاری کرتے رہے۔

انہیں 1990 کی دہائی میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی اور موسیقار دیوا کے ساتھ ان کی جوڑی نے 2000 کی دہائی تک کئی مقبول گیت پیش کیے۔ 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ”پورکالم“ کا گیت ”تھنجاوورو مانو ایڈتھو“ آج بھی ان کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔

یہ گیت سنگاپور کے سابق صدر ایس آر ناتھن کی آخری رسومات کے موقع پر بھی پیش کیا گیا تھا، تاکہ ان کی آخری خواہشات میں سے ایک پوری کی جاسکے۔

مزید پڑھیں:شہباز شریف کو 1 کلو سونا، اسحاق ڈار کو 19 تحائف ملے، توشہ خانہ ریکارڈ جاری

گلوکارہ چنمئی، سجاتھا موہن، انورادھا سری رام سمیت متعدد فنکاروں نے کرشناراج کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔