انگور اڈہ، بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا بھرپور جواب، طالبان چوکیاں چھوڑ کر فرار

Calender Icon جمعہ 30 اکتوبر 2026

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی بھرپور کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے، کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ فورسزملکی دفاع اورعوام کےتحفظ کیلئے پرعزم ہیں اور قومی سلامتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سول آبادی کو نشانہ بنانے پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈہ میں 27 اکتوبر کو افغان طالبان نے شہری آبادی کونشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں ایک گھر پر گولہ گرنے سے ایک شہری شہید اور ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان نے افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری کے جاں بحق اور5 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ افغان طالبان رجیم نے 27 اکتوبر کی شب انگور اڈہ بازار اور شہری گھروں کو بلااشتعال نشانہ بنایا۔

مارٹر گولہ لگنے سے ایک شہری جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ افغان طالبان کی فائرنگ سے متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

پاک افغان سرحد پر دراندازی کی متعدد ناکام کوششیں ۔پچھلے چند دنوں کے دوران پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی متعدد کوشش ناکام بنائی گئی ہیں ۔

11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 12خوارج ہلاک ہوگئے،

خوارج کی دراندازی میں معاونت کیلئے افغان طالبان کی چوکیوں سے بھی فائرنگ کی گئی۔فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان شہید ہوئے۔

25 ستمبر کو سکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاک افغان سرحد پر چمن سیکٹر میں افغان طالبان کی جارحیت اور دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔

مزید پڑھیں:گوگل کو ایک دن میں 500 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان، مصنوعی ذہانت پر بھاری سرمایہ کاری مہنگی پڑگئی

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان کی جانب سے اشتعال انگیز فائرنگ کی گئی جس کا پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت، مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو کواڈ کاپٹرز اور مارٹر فائر سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے۔