اسکردو میں میاں بیوی 2 بیٹیوں سمیت قتل، تحقیقات شروع

Calender Icon جمعہ 30 اکتوبر 2026

گلگت بلتستان کے شہر اسکردو میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو قتل کردیا گیا۔

مقامی پولیس کے مطابق مدینہ کالونی کے عقب میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر میاں بیوی اور 2 کمسن بچیوں کو قتل کر دیا،مقتول بچیوں کی عمریں ایک سال اور 5 سال جبکہ مقتول شوہر کا تعلق تلو بروق جبکہ اہلیہ کا تعلق پاراچنار سے بتایا جا رہا ہے۔

4 افراد کے قتل سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اورشواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش کا آغاز کر دیا۔

ڈی آئی جی بلتستان آصف مہمند نےمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کی تلاش جاری ہے انہیں ہر حال میں گرفتار کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آزر نے اسکردو میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک ہی خاندان کے 4 افراد کا قتل انتہائی دل خراش اور ناقابلِ برداشت سانحہ ہے۔ سوگوار لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔جائے وقوع سے شواہد محفوظ کرکے تمام پہلوؤں سے شفاف تفتیش اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مزید پڑھیں:انگور اڈہ، بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا بھرپور جواب، طالبان چوکیاں چھوڑ کر فرار

وزیراعلیٰ نے متعلقہ انتظامیہ کو متاثرہ خاندان سے رابطے میں رہنے، ضروری معاونت فراہم کرنے اور علاقے میں شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی بھی ہدایت کی۔