پاکستان میں پہلی مرتبہ کلر گریڈنگ کی جدید تربیت فراہم کرنے کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، عطاء اللہ تارڑ

Calender Icon پیر 2 نومبر 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ(Ata Tarar) کی زیر صدارت پی ٹی وی اکیڈمی کی بحالی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ٹی وی ڈرامہ اینڈ فلم اکیڈمی کی بحالی، پی ٹی وی ہوم کی ری ویمپنگ اور نوجوانوں کو فلم، ڈرامہ اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنے کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل سمیت وزارت اطلاعات کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اکیڈمی کو جدید تربیتی ادارہ بنانے کے لیے مختلف ماڈلز پیش کیے گئے، جن میں نجی شعبے کی شراکت داری، جدید تکنیکی سہولیات، عملی تربیت اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنے کے امکانات شامل تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی ڈرامہ اینڈ فلم اکیڈمی کی بحالی اور پی ٹی وی ہوم کی ری ویمپنگ حکومت کے میڈیا اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کے عزم کا حصہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مؤثر تربیتی مرکز بنانے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے، تاکہ نوجوانوں کو فلم، ڈرامہ اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔

مزیدپڑھیں:پاکستانی انجینئرز کے لیے جرمنی میں ملازمت کے سنہری مواقع

وفاقی وزیر اطلاعات نے اعلان کیا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کلر گریڈنگ کی جدید تربیت فراہم کرنے کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل اس شعبے میں جدید تربیت اور سہولیات کے حصول کے لیے بیرون ملک جانا پڑتا تھا، تاہم پاکستان میں کلر گریڈنگ کی سہولت دستیاب ہونے سے فلم انڈسٹری اور نجی شعبے کو جدید تکنیکی تربیت میسر آئے گی اور مقامی سطح پر فلم سازی کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں پی ٹی وی ڈرامہ اینڈ فلم اکیڈمی کے لیے جدید کلاس رومز، اسٹوڈیو لیبز، طلبہ کے ورک اسٹیشنز، جدید ایڈیٹنگ سوٹس اور تکنیکی آلات کی فراہمی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ تکنیکی عملے اور تربیت کاروں کی تعیناتی اور جدید تقاضوں کے مطابق نصاب کی تشکیل پر بھی غور کیا گیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ نوجوانوں کو فلم، ڈرامہ، ایڈیٹنگ، کلر گریڈنگ اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں عملی مہارتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تربیتی پروگراموں میں نظریاتی تعلیم کے ساتھ عملی کام، پراجیکٹ سازی اور پورٹ فولیو کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جائے گی، تاکہ طلبہ کو پیشہ ورانہ ماحول میں کام کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے کی شراکت داری سے شفاف اور عملی پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد تربیتی پروگراموں کو فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ پی ٹی وی نیوز، پی ٹی وی ہوم اور پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے نوجوانوں کے تخلیقی پراجیکٹس کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی اکیڈمی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال اور مؤثر تربیتی ادارہ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ اکیڈمی کو ایک معیاری تربیتی مرکز بنانے کے ساتھ مالی طور پر پائیدار ادارہ بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے پاکستان کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو جدید تکنیکی مہارتوں، تربیت یافتہ افرادی قوت اور مقامی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی، جبکہ نوجوانوں کے لیے تخلیقی شعبوں میں روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔