لاہور : شی تھریڈ“ پروگرام (She Tread Program)کے تحت خواتین کی رجسٹریشن شروع کردی گئی، جس میں ٹیکسٹائل ٹریننگ کے ساتھ ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر دیہی علاقوں کی خواتین کو باوقار روزگار اور خودکفیل بنانے کے لیے محکمہ وومن ڈویلپمنٹ کے زیرِ اہتمام ایک بے مثال اقدام ”شی تھریڈ“ (She Thread) ٹیکسٹائل ٹریننگ پروگرام شروع کر دیا گیا۔
“شی تھریڈ” پروگرام کے تحت اب تک 1,150 دیہی خواتین ٹیکسٹائل ٹریننگ مکمل کر کے اپنے پاؤں پر کھڑی ہو چکی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جون تک 2,500 دیہی خواتین کو معیاری ٹیکسٹائل ٹریننگ فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
تربیت کے دوران دیہی خواتین کو 15 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا اور کورس کی مکمل ادائیگی کے بعد ٹیکسٹائل انڈسٹری میں برسرِ روزگار کیا جائے گا۔
محکمہ وویمن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام”شی تھریڈ“پروگرام کے تحت لاہور میں دیہی علاقو ں کی خواتین کی رجسٹریشن شروع کردی گئی۔
مزیدپڑھیں:مجیب الرحمٰن 1961ء سے بھارتی انٹیلیجنس بیورو کا اثاثہ تھے: بھارتی مبصر
لاہور کے قریب ملتان روڈ پر واقع شاہکام انڈسٹری میں 3 ماہ کے کورس کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں کلاس روم تدریس کے ساتھ ساتھ پریکٹیکل ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
خواتین کو انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر اور اپیرل سپروائزر کی مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق تربیت دی جائے گی۔
اہلیت کا معیار
پروگرام میں داخلے کے لیے امیدوار خواتین کی عمر 18 سے 45 سال اور پنجاب کا ڈومیسائل ہونا ضروری ہے۔
کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک مقرر کی گئی ہے۔
رجسٹریشن کے لیے قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے ہمراہ ملتان روڈ لاہور کے قریب واقع شاہکام انڈسٹریز میں درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے
طریقہ کار
خواہشمند خواتین قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے ساتھ شاہکام انڈسٹریز میں درخواست جمع کرا سکتی ہیں۔
ابتدائی تصدیق کے بعد داخلے کے لیے حلف نامہ جمع کرانا ہوگا، معلومات کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز، یونین کونسل سیکرٹریز اور ضلعی دفاتر سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ “دیہی خواتین کو مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ دے کر باوقار روزگار کے اہل بنانا ہماری ترجیح ہے۔ ‘شی تھریڈ’ پروگرام کے تحت خواتین کو ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق ہنر سکھا کر انہیں فوراً روزگار فراہم کیا جائے گا۔”













پیر 2 نومبر 2026 

