وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے پریس کانفرنس کر رہے ہیں:
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ مقامی ریفائنریز نے حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ برداشت کیا، جس کے نتیجے میں حکومت عوام کے لیے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے کہا ہے کہ حکومت نے مقامی آئل ریفائنریوں کے تعاون سے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل ہونے سے روک دیا ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو تقریباً 15 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور درآمدی پریمیم میں اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرول کی قیمت بڑھنے کا خدشہ تھا۔
31 اکتوبر سے قبل منظور ہونے والی قیمت میں پیٹرول کے درآمدی پریمیم کی مد میں تقریباً 20 ڈالر شامل تھے تاہم بعد میں ہونے والے ٹینڈرز میں پریمیم 25 سے 30 ڈالر اور بعض صورتوں میں اس سے بھی زیادہ ہو گیا تھا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مقامی ریفائنریوں سے مشاورت کی گئی تاکہ عوام کو مہنگے پیٹرول سے ممکنہ حد تک بچایا جا سکے۔ ملک میں پٹرول کی مجموعی ضرورت کا تقریباً 30 فیصد مقامی ریفائنریز پوری کرتی ہیں جبکہ 70 فیصد پیٹرول درآمد کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنریوں نے مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں متوقع 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ برداشت کرنے میں تعاون کیا، جس سے عوام کو ریلیف دینا ممکن ہوا۔
اب عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی آئی ہے جس کا ریلیف آج عوام کو ملے گا، وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے بھی ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کے لیے ریفائنریوں کے ساتھ خام تیل کی بنیاد پر فارمولا طے کیا تھا، مقامی ریفائنریوں کو خام تیل کی فراہمی یقینی بنانے کے نتیجے میں ان کی پیداواری صلاحیت اور منافع میں بھی بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ریفائنریوں کے لیے پریمیم کی حد 20 ڈالر فی بیرل مقرر کی ہے۔ اگر درآمدی پریمیم میں اضافہ معمول پر آ کر 15 سے 20 ڈالر کی سطح پر واپس آتا ہے تو حکومت پیٹرولیم سیکٹر کو دوبارہ ڈی ریگولیشن کی جانب لے جانے کی کوشش کرے گی۔
علی پرویز ملک کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے، جس سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی توقع ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ مسابقت کے ذریعے صارفین کو سستا ایندھن فراہم کیا جائے اور پٹرولیم سیکٹر میں اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے۔
انہوں نے ریفائنریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے صنعت اور حکومت کا مل کر کام کرنا ضروری ہے۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق حکومت کا طویل مدتی مقصد مسابقت کے ذریعے صارفین کو بہتر خدمات اور سستا ایندھن فراہم کرنا ہے۔ حکومت ریفائنریز کے تحفظات دور کرنے کے لیے بھی ان سے مشاورت جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی منڈی میں ایندھن کی بڑھتی قیمتوں، آئی ایم ایف کی شرائط اور ملکی معاشی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدامات کیے ہیں تاکہ مشکل حالات میں عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
مزید پڑھیں:امریکی معیشت بہتر، تیل کی قیمتیں بہت جلد نیچے آجائیں گی، ٹرمپ
وزیرپیٹرولیم نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمتوں کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے امید ہے دو تین کے اندر اس معاملے میں عوام کو خوشخبری ملے گی۔













پیر 2 نومبر 2026 

