اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر مزید 3 پیسےسستا ہوگیا

Calender Icon پیر 2 نومبر 2026

انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان رہا۔

کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر 3 پیسے سستا ہوگیا جبکہ اسٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 154 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر3 پیسے کی کمی کے بعد 276 روپے 72 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے دوران ڈالر کی قدر میں معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، تاہم اختتام پرامریکی کرنسی کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

ڈالر کی قدر میں کمی سے درآمدی ادائیگیوں اور بیرونی تجارت سے وابستہ کاروباری حلقوں کومعمولی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا، جہاں سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں کے حصص میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس کاروبارکے دوران 154 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 66 ہزار 564 پوائنٹس کی سطح پربند ہوا۔

کاروباری سیشن کے دوران انڈیکس میں اتارچڑھاؤ کے باوجود مجموعی طورپرمثبت رجحان برقراررہا، مارکیٹ میں حصص کی خریداری کے رجحان نے انڈیکس کو گزشتہ بندش کے مقابلے میں بلند سطح پر پہنچا دیا۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں مہنگائی کی شرح مزید 1.09 فیصد بڑھ گئی، ادارہ شماریات

واضح رہے کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالرکی قدرمیں تبدیلی اورپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس کی نقل و حرکت ملکی معیشت، سرمایہ کاروں کے اعتماد اورمالیاتی منڈیوں کی مجموعی صورتحال کے اہم اشاریے سمجھے جاتے ہیں۔