گوادر کے ساحل پر 30 فٹ طویل مردہ بلیو وہیل پھنس گئی

Calender Icon بدھ 4 نومبر 2026

گوادر کے ایسٹ بے کے ساحل پر کوسٹ گارڈ آفس کے عقب میں دنیا کے سب سے بڑے سمندری جانور بلیو وہیل کی لاش آ گئی۔ ساحل پر پھنسنے والی وہیل کی لمبائی تقریباً 30 فٹ بتائی جاتی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق بلیو وہیل گزشتہ دو روز سے گوادر کے سمندر میں تیرتی دیکھی جا رہی تھی، جو آج ساحل پر آ کر پھنس گئی۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان کے مطابق وہیل ممکنہ طور پر کم گہرے پانی میں داخل ہونے کے باعث راستہ بھٹک گئی، کم گہرے پانی میں آنے سے اس کی سمت شناسی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

محمد معظم خان کا کہنا ہے کہ بڑی وہیل کی ہلاکت سمندری حیاتیاتی تنوع کے لیے تشویشناک ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے وہیل کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ان کے مطابق ماضی میں بھی پاکستان کے ساحلی علاقوں میں بلیو وہیل کے پھنسنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان ساحلی علاقوں میں پھنسنے والی وہیلز کا ریکارڈ مرتب کرتا ہے اور نایاب سمندری حیات کے تحفظ اور سمندری حیاتیاتی تنوع سے متعلق آگاہی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔