سعودی عرب میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں، سیلابی صورتِحال کا امکان

Calender Icon ہفتہ 7 نومبر 2026

سعودی عرب(Saudi Arabia) کے بیشتر علاقوں میں منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں، تیز ہواؤں اور سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہری دفاع نے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

عرب خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کی پیش گوئی کی بنیاد پر شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں بعض مقامات پر اچانک سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور ایسے نشیبی علاقوں سے دور رہیں جہاں پانی جمع ہونے یا سیلاب آنے کا خطرہ ہو۔

حکام نے خاص طور پر وادیوں اور برساتی نالوں میں جانے یا وہاں تیراکی کرنے سے منع کیا ہے۔ شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران پانی سے بھری سڑکیں عبور کرنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ پانی کا بہاؤ اچانک تیز ہو سکتا ہے اور اس کی سطح بھی تیزی سے بلند ہو سکتی ہے۔

شہری دفاع نے لوگوں کو سرکاری ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے ذریعے جاری ہونے والی موسمی اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

قومی مرکز برائے موسمیات کی 5 نومبر کو جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق جمعہ سے منگل تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانی سے شدید بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جن کے باعث بعض مقامات پر اچانک سیلاب، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

جمعہ کے روز جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، حائل، الجوف اور شمالی سرحدی علاقوں کے بعض حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

مزیدپڑھیں:امریکا کا ایران کے جوہری پروگرام کی معلومات دینے والوں کے لیے 2 کروڑ ڈالر اور نئی شہریت کا اعلان

اس کے علاوہ تبوک کے کچھ علاقوں اور مشرقی صوبے کے شمالی حصوں میں بھی خراب موسم کا امکان ہے، جبکہ متاثرہ مقامات پر دھند چھانے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

سعودی عرب میں نومبر کا مہینہ عموماً بارشوں اور گرج چمک والے موسم کے حوالے سے اہم سمجھا جاتا ہے۔ اس دوران موسمی نظام میں تبدیلی کے باعث بالخصوص مغربی اور جنوب مغربی پہاڑی علاقوں میں تیز بارشیں اور مقامی سطح پر سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔

قومی مرکز برائے موسمیات کی اکتوبر سے دسمبر 2026 تک کی موسمی پیش گوئی میں بھی بتایا گیا تھا کہ اکتوبر کے دوران عسیر سمیت مملکت کے بیشتر علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت بھی عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور خشک ندی نالوں میں داخل ہونا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے، کیونکہ بعض اوقات بارش کسی دوسرے مقام پر ہو رہی ہوتی ہے لیکن اس کا پانی تیزی سے بہتا ہوا دور دراز علاقوں کی وادیوں تک پہنچ جاتا ہے۔

اسی طرح پانی سے بھری سڑکوں پر گاڑی چلانا بھی حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ شہری دفاع نے رہائشیوں کے ساتھ سیاحوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورت حال سے باخبر رہیں اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز نہ کریں۔

مملکت کے مختلف حصوں میں خراب موسم کے اس نئے سلسلے کے پیش نظر حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر خطرناک مقامات کا رخ نہ کریں اور اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کو ترجیح دیں۔