معدنیات پراسیسنگ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے سرمایہ کاری چاہیے، وزیر توانائی

Calender Icon جمعہ 13 نومبر 2026

وفاقی وزیر توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد محض الگ الگ کان کنی کے منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ ایک مربوط، مسابقتی اور پائیدار معدنی صنعت قائم کرنا ہے جس کے لیے ہمیں معدنیات کی پراسیسنگ، ریفائننگ، متعلقہ صنعتوں کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور عالمی ویلیو چین میں شمولیت کے لیے سرمایہ کاری چاہیے۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوسرے روز استقبالیہ خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کان کنی کے منصوبوں کو بجلی، پانی، سڑکوں، ریلوے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کی سہولتوں سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا مقصد پاکستان کے معدنی ذخائر اور غیر دریافت شدہ وسائل کو اجاگر کرکے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ فورم میں معدنیات کی تلاش، منصوبوں کی مالی معاونت، کان کنی کے بنیادی ڈھانچے، عالمی شراکت داری اور اس شعبے کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

آج کے سیشن میں دیگر اعلیٰ حکومتی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہیں۔

فورم کے پہلے روز نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان معدنی وسائل کو خام شکل میں برآمد کرنے کے بجائے ملک میں ان کی پراسیسنگ، ریفائننگ اور تیار مصنوعات کی تیاری کی صلاحیت پیدا کرنا چاہتا ہے۔

اس سے قبل چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم اور گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ نے بھی اپنے علاقوں میں معدنی سرمایہ کاری کے مواقع اور سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے حکومتی عزم پر اظہارِ خیال کیا تھا۔

علی پرویز ملک کا مزید کہنا تھا کہ روہڑی سے نوکُنڈی تک ریلوے کوریڈور کی مجوزہ اپ گریڈیشن، پورٹ قاسم سے رابطے اور ریکوڈک کے اطراف معاون بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پاکستان کے معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے اہم اقدامات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ معدنیات کے شعبے کی ترقی سے پاکستانی افرادی قوت کی استعداد بھی بڑھے جو تکنیکی مہارتوں، پیشہ ورانہ تربیت، بہتر انجینئرنگ خدمات، مقامی سپلائرز کی صلاحیت میں اضافے اور نوجوانوں، خصوصاً خواتین کے لیے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سے بڑھے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ معدنی منصوبوں سے ان علاقوں کی مقامی آبادی کو روزگار، ہنر، بنیادی سہولتوں اور کاروباری مواقع کی صورت میں ٹھوس فوائد ملنے چاہییں جہاں کان کنی کی سرگرمیاں جاری ہوں۔ ان کے مطابق ماحولیاتی تحفظ، حفاظتی معیارات اور مقامی آبادی کے ساتھ شفاف رابطہ ذمہ دارانہ کان کنی کے لازمی تقاضے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے جو اپنے آس پاس کی آبادی کا اعتماد حاصل کرتے ہیں، وہی عملی طور پر مکمل ہوتے اور طویل مدت تک برقرار رہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کا معدنی شعبے کی ترقی کے لیے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ توانائی سرمایہ کاروں کے منصوبوں پر پیش رفت کے لیے ملاقاتوں، تکنیکی مشاورت، دوروں اور منصوبوں کی جانچ پڑتال کا واضح طریقہ کار فراہم کرے گی۔

انہوں نے بیرک، ایوانہو، من میٹلز اور دیگر سرمایہ کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دروازے طویل المدتی کان کنی کی سرمایہ کاری کے لیے کھلے ہیں اور حکومت فورم کے اختتام کے بعد عملی اقدامات کے ذریعے سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنا چاہتی ہے۔

“آپ کے سرمایہ کاری کے فیصلوں میں معاونت کے لیے میری ٹیم موجود ہے۔ اگر آپ کے ذہن میں کوئی پراجیکٹ ہے، تو براہِ کرم اسے ہمارے سامنے لائیں۔ ہم اس سلسلے میں فالو اپ میٹنگز، تکنیکی بات چیت، سائٹ وزٹ اور منصوبے کے جائزے پر مشتمل ایک واضح لائحہ عمل طے کریں گے، نہ کہ صرف ’رابطے میں رہنے کا کوئی روایتی وعدہ‘ کریں گے۔”

منگولیا کے چرواہوں اور پاکستانی نوجوانوں کا تذکرہ
فورم سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کی کان کن کمپنی، ایوانہو مائنز کے ایگزیکٹو چیئرمین رابرٹ فریڈلینڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل اور باصلاحیت نوجوان افرادی قوت اسے معدنی ترقی کے شعبے میں عالمی رہنما بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے معدنی ذخائر کا منگولیا اور جمہوریہ کانگو (ڈی آر کانگو) میں تانبے اور سونے کی بڑی دریافتوں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی ارضیاتی خصوصیات ان ممالک میں موجود ذخائر سے ملتی جلتی ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان کو سرد موسم اور برف باری جیسے مسائل کا بھی سامنا نہیں، جبکہ یہاں بڑی تعداد میں باصلاحیت نوجوان موجود ہیں۔

رابرٹ فریڈلینڈ نے منگولیا میں اویو تولگوئی کے تانبے اور سونے کے ذخائر کی دریافت اور ترقی کو مثال بناتے ہوئے کہا کہ مسلسل تلاش اور سرمایہ کاری کسی ملک کی معیشت تبدیل کر سکتی ہے۔

ان کے مطابق اس منصوبے میں معدنیات کی موجودگی کی نشاندہی کرنے والی پہلی ڈرلنگ 2001 میں ہوئی، جس کے بعد تلاش کا وسیع عمل شروع کیا گیا اور 32 بڑی ڈرلنگ مشینیں چوبیس گھنٹے کام کرتی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ذخیرہ تقریباً 30 کلومیٹر طویل اور 5 کلومیٹر چوڑا ہے، جبکہ اس سے 100 سال سے زیادہ عرصے تک کان کنی ممکن ہے۔

رابرٹ فریڈلینڈ کے بقول یہ کان اب منگولیا کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تقریباً ایک تہائی کے برابر ہے اور دنیا کی تیسری بڑی تانبے کی کان جبکہ نئی دریافتوں میں سونے کی دوسری بڑی کان بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں تجارتی بنیادوں پر کان کنی 2011 میں شروع ہوئی اور اس کی افرادی قوت کا 98 فیصد حصہ منگولیا کے شہریوں پر مشتمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اونٹ، بکریاں اور بھیڑیں چرانے والے نوجوان آج عالمی معیار کے کان کنی انجینئر بن چکے ہیں، جبکہ اس کان کنی کے کمپلیکس سے 30 ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملا ہے۔

انہوں نے ڈی آر کانگو میں ایوانہو مائنز کی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے ایسے علاقے میں تانبے کے بڑے ذخائر دریافت کیے جہاں پہلے اس دھات کے امکانات کم سمجھے جاتے تھے۔ ان کے مطابق اس دریافت کے بعد کانگو تانبے کی پیداوار میں دنیا میں دسویں سے دوسرے نمبر پر آ گیا، جبکہ متعلقہ کان کا حصہ ملک کی جی ڈی پی کے تقریباً نو فیصد کے برابر ہونے کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستان میں بھی معدنی وسائل سے بڑے معاشی نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

نئی ٹیکنالوجی سے معدنی ذخائر کی تلاش
ایوانہو مائنز کے چیئرمین نے معدنی ذخائر کی تلاش کے لیے کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے زمین میں ڈرلنگ کیے بغیر برقی مقناطیسی توانائی استعمال کرکے زیرِ زمین معدنی ذخائر کی نشاندہی کی جا سکتی ہے۔

ان کے مطابق یہ ٹیکنالوجی معدنی چٹانوں کی جانب سے برقی توانائی جذب کرنے اور خارج کرنے کے عمل کی پیمائش کرکے سونے اور چاندی سمیت دیگر معدنی ذخائر کی شناخت میں مدد دیتی ہے۔ اس طریقے سے زیرِ زمین ذخائر کی تھری ڈی تصاویر بھی تیار کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی سے پاکستان، بالخصوص بلوچستان میں معدنی ذخائر کی تلاش کا عمل تیز کیا جا سکتا ہے۔

رابرٹ فریڈلینڈ نے سعودی عرب کی سرکاری کان کنی کمپنی کے ساتھ ایوانہو کی 50، 50 فیصد شراکت داری کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ شاہ سلمان نے مملکت کے تاریخی کان کنی والے علاقوں میں تلاش کے لیے 50 ہزار مربع کلومیٹر رقبہ مختص کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معدنی وسائل کے امکانات اس سے بھی زیادہ ہیں اور ملک اسی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تعاون کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں ایک بڑی صنعت قائم کی جائے گی۔

چینی سرمایہ کار کا کان کنی کے لیے الگ بجلی پالیسی بنانے کا مطالبہ
فورم سے خطاب کرتے ہوئے من میٹلز سینٹرل اینڈ ساؤتھ ایشیا لمیٹڈ (ایم سی ایس اے) کے نائب صدر وانگ جیچینگ نے پاکستان کی حکومت سے کان کنی کے شعبے کے لیے قومی سطح پر بجلی کی خصوصی پالیسی متعارف کرانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، تاہم بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں کام کرنے والی کان کنی کی کمپنیوں کو اب بھی قابلِ اعتماد اور سستی بجلی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کے مطابق کان کنی کے کئی پراجیکٹس معدنیات کی تلاش مکمل کرکے تجارتی پیداوار شروع کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن کمپنیوں کو اپنے بجلی گھر قائم کرنے کے لیے اضافی سرمایہ اور وقت صرف کرنا پڑتا ہے، جس سے منصوبوں کی لاگت بڑھتی ہے اور پیداوار میں تاخیر ہوتی ہے۔

وانگ جیچینگ نے تجویز دی کہ حکومت کان کنی کے منصوبوں کو مسابقتی صنعتی نرخوں پر اضافی بجلی فراہم کرے اور اس کے لیے ان منصوبوں کو خصوصاً ترجیح دی جائے جو تجارتی پیداوار شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے اس مقصد کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بجلی کے گرڈ سے کنکشن، منظوریوں کا آسان طریقہ کار، بجلی کی ترسیل کا مخصوص نظام اور طویل مدت کے لیے ریٹ برقرار رکھنے جیسے اقدامات تجویز کیے، تاہم ان کے بقول یہ سہولتیں تکنیکی اور معاشی طور پر قابلِ عمل ہونے سے مشروط ہونی چاہییں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ایک طرف اضافی بجلی ہے اور دوسری جانب وسیع معدنی وسائل، ان دونوں کو یکجا کرکے کان کنی کی پیداوار، غیر ملکی سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

سکیورٹی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق تحفظات
ایم سی ایس اے کے نائب صدر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سکیورٹی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ محض زبانی یقین دہانیاں ان کے خدشات دور کرنے کے لیے کافی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی کان کنی والے علاقوں میں پانی، بجلی، سڑکوں اور سکیورٹی سمیت مشترکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے دوسری کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے پر تیار ہے۔

وانگ جیچینگ نے سیندک منصوبے کو بھی پاکستان اور چین کے درمیان کان کنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا ایک موقع قرار دیا اور کہا کہ اسے اپ گریڈ کیے گئے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فریم ورک کے تحت آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے ماحولیاتی تحفظ، ذمہ دارانہ کان کنی، قابلِ تجدید توانائی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی کمپنی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کان کنی سے صرف سرمایہ کاروں کو نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام کو بھی روزگار، تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور بہتر معیارِ زندگی کی صورت میں فائدہ پہنچنا چاہیے۔

مزید پڑھیں:ترقی یافتہ ممالک کی طرف ہجرت میں مسلسل دوسرے سال کمی ریکارڈ

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے معدنی وسائل کو جدید پراسیسنگ کی سہولتوں، مسابقتی برآمدات اور مقامی آبادی کے لیے دیرپا فوائد کے ذریعے پائیدار صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا چاہیے۔