ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی ترقی کا اہم سنگِ میل ہے، وزیراعظم

Calender Icon جمعہ 13 نومبر 2026

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ہے، ان وسائل سے مؤثر استفادہ کرکے بلوچستان کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ریکوڈک جیسے بڑے منصوبے نہ صرف مقامی آبادی کے لیے روزگار اور ہنرمندی کے مواقع پیدا کریں گے بلکہ ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنائیں گے۔

بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا اہم سنگِ میل ہے، جس کی کامیابی مستقبل میں معدنی شعبے کے دیگر منصوبوں کے لیے بھی مثال بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول تشکیل دے رہی ہے۔

وزیراعظم نے ریکوڈک کے علاوہ بھی پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے بیرک مائننگ کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وفد نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کو معدنی شعبے کی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا اور کراچی و گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

مزید پڑھیں:معدنیات پراسیسنگ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے سرمایہ کاری چاہیے، وزیر توانائی

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب اور علی پرویز ملک، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے