بیجنگ:چین نے ہوا بازی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے دنیا کا پہلا 10 ٹن وزنی بیٹری سے چلنے والا تجارتی مسافر طیارہ کامیابی سے اڑا لیا، جسے روایتی فضائی ایندھن کے متبادل کی جانب ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
چین کا تیار کردہ برقی طیارہ ’سی ای 25 اے‘ ہفتے کے روز مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر بن ژو میں اپنی پہلی انسانی عملے کے ساتھ آزمائشی پرواز مکمل کرنے میں کامیاب رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز کے دوران طیارے میں 2 پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر موجود تھے۔
یہ طیارہ چین کی سرکاری ایرو اسپیس کمپنی کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا (کومیک)، بیٹری ساز ادارے سی اے ٹی ایل، شنگھائی جیاؤ تونگ یونیورسٹی اور دیگر شراکت دار اداروں نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سی ای 25 اے دنیا کا پہلا 10 ٹن وزنی اور 19 نشستوں کا حامل تجارتی مسافر طیارہ ہے جو مکمل طور پر بیٹری سے حاصل ہونے والی برقی توانائی پر پرواز کرتا ہے۔
اس سے قبل اس طیارے کی بغیر پائلٹ کے 19 خودکار آزمائشی پروازیں بھی مکمل کی جا چکی تھیں۔
اگرچہ آسٹریا میں 21 اکتوبر 1973 کو موٹر گلائیڈر ایم بی ای ون نے انسانی موجودگی میں بیٹری سے چلنے والے مکمل سائز کے برقی طیارے کی پہلی پرواز کا اعزاز حاصل کیا تھا، تاہم چین کا سی ای 25 اے اس نوعیت کا پہلا 19 نشستوں والا تجارتی مسافر طیارہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق سی ای 25 اے کی سمندری سطح سے بلندی کے بجائے پرواز کی زیادہ سے زیادہ بلندی 2 ہزار 400 میٹر، رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ اور پرواز کی حد 400 کلومیٹر ہے۔
اس کی پہلی انسانی آزمائشی پرواز سمیت مکمل ٹیسٹ سیشن 57 منٹ اور 46 سیکنڈ جاری رہا، جبکہ طیارے نے 16 منٹ سے کچھ زائد وقت فضا میں گزارا اور 60.4 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
کومیک کے مطابق آزمائشی پرواز کے دوران طیارے نے معمول کے مطابق کام کیا اور کارکردگی کے تمام اشاریے توقعات پر پورے اترے۔
چین کی سول ایوی ایشن انتظامیہ نے طیارے کے لیے ٹائپ سرٹیفکیٹ کی درخواست بھی وصول کرلی ہے، جو اس کی تجارتی تیاری اور استعمال کی جانب اہم مرحلہ ہے۔
اسرائیل بھی 9 مسافروں اور 2 عملے کے ارکان کی گنجائش رکھنے والا برقی طیارہ ایوی ایشن ایلس تیار کرچکا ہے، تاہم اس منصوبے پر مزید پیش رفت نہیں ہوسکی۔
مزید پڑھیں:توانائی ترسیل کیلئے آبنائے ہرمز کا کوئی متبادل موجود نہیں: قطری وزیراعظم
ماہرین کے مطابق برقی طیاروں کی تیاری سے روایتی ہوابازی کے ایندھن پر انحصار کم کرنے اور فضائی آلودگی میں کمی لانے کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔
چین کی یہ پیش رفت دیگر ممالک کو بھی برقی توانائی سے چلنے والے تجارتی طیاروں کی تیاری کی جانب راغب کرسکتی ہے۔












پیر 16 نومبر 2026 