مقابلے کے امتحان میں غیر معمولی نمبرز والے نوجوان کا بھانڈا پھوٹ گیا، نقل کیسے کی؟

Calender Icon اتوار 15 نومبر 2026

جنوبی کوریا میں مقابلے کے ایک اہم قومی امتحان میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے نوجوان کے نتائج نے اس وقت نیا تنازع کھڑا کردیا جب اس نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے نقل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نوجوان نے ٹیکس اکاؤنٹنٹ بننے کے خواہش مند امیدواروں کے قومی امتحان میں ’غیر معمولی‘ طور پر زیادہ نمبر حاصل کیے تھے تاہم آج اس نے تسلیم کیا کہ اس نے الیکٹرانک آلات اور اے آئی کی مدد سے امتحانی سوالات کے جوابات حاصل کیے۔

امتحان میں ٹاپ کرنے والے نوجوان نے اپنی شناخت صرف ہان نام سے ظاہر کی۔ اس نے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اس کی کامیابی محنت کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ اس نے الیکٹرانک آلات اور اے آئی کے ذریعے نقل کی۔

ہان کے مطابق اس نے امتحانی سوالات کی تصاویر بنانے کے لیے ایک مائیکرو کیمرا استعمال کیا پھر یہ تصاویر اے آئی ٹول کو بھیجیں اور اس سے حاصل ہونے والے جوابات اپنے اسمارٹ فون پر چیک کیے۔

چہرے پر ماسک پہنے ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے اس نے بتایا کہ وہ سیئول پولیس کو تحریری اعتراف بھی جمع کرا چکا ہے۔

یہ معاملہ کئی ماہ سے زیرِ بحث تھا کیونکہ نوجوان نے اپریل اور جولائی میں ہونے والے2 امتحانات کے سیکڑوں سوالات میں تقریباً مکمل نمبر حاصل کیے تھے۔ اس کی غیر معمولی کارکردگی پر شکوک و شبہات ظاہر کیے جا رہے تھے جن کی تصدیق اب اس کے اعتراف کے بعد ہوگئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق سیئول کے جنگبو پولیس اسٹیشن سے رابطے کی کوشش کی گئی تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

اس اسکینڈل نے جنوبی کوریا میں تشویش بڑھا دی ہے جہاں معیاری امتحانات کو سماجی ترقی اور پیشہ ورانہ مستقبل کے تعین میں انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔

یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں سالانہ قومی کالج داخلہ امتحان جمعرات کو ہونا ہے جس کی تیاری کے لیے طلبہ اپنی زندگی کے کئی سال صرف کرتے ہیں۔

صدارتی دفتر کے ایک سینئر عہدیدار نےصحافیوں کو بتایا کہ صدر کا دفتر اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے اور کالج داخلہ امتحان سے قبل ممکنہ نقل کی روک تھام کے لیے اقدامات کی تیاری کی جا رہی ہے۔

عہدیدار کے مطابق سرٹیفائیڈ پبلک اکاؤنٹنٹ کے امتحان میں بھی اے آئی کی مدد سے نقل کی اطلاعات تشویش ناک ہیں۔ اس معاملے پر غور کے لیے صدارتی چیف آف اسٹاف برائے پالیسی کی سربراہی میں اسی روز ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم کا بھی امتحانی شفافیت پر زور
جنوبی کوریا کی وزیراعظم ہان سوک سوک نے جمعے کو قومی کالج داخلہ امتحان سے قبل اے آئی کے ذریعے نقل کے خدشات پر عوامی تشویش کو تسلیم کیا تھا۔

مزید پڑھیں:بلوچستان، شہید میجر عمر منہاس اور حوالدار عدنان خان کی نماز جنازہ ادا

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت امتحان کے انعقاد سے پہلے مکمل تیاری کرے گی اور آخری وقت تک پورے عمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ امتحان منصفانہ اور مستحکم انداز میں مکمل ہو۔