پاکستان مستحکم اور پرامن افغانستان کا خواہاں ہے: اسحاق ڈار

Calender Icon پیر 16 نومبر 2026

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو وسیع تر علاقائی ڈھانچے کا مکمل حصہ ہو اور اپنے ساتھ ساتھ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی امن سے رہے

اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود مختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون ہمارے رہنما اصول ہیں۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ای سی او چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے حصول کے لیے پُرعزم ہے، بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارا خطہ جنوبی ایشیاء، وسطی ایشیاء اور مغربی ایشیاء کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث منفرد جغرافیائی اہمیت رکھتا ہے، یہ خطہ اہم منڈیوں، وافر قدرتی وسائل اور تجارت کی تاریخی بنیادوں کو یکجا کرتا ہے۔

نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ جغرافیے نے ہمارے خطے کو منفرد برتری فراہم کی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس برتری کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوش حالی میں تبدیل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2026ء اور 2027ء کے لیے ای سی او کی صدارت سنبھالنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس مدت کو نتیجہ خیز اور بامقصد بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

اسحاق ڈار نے 2025ء میں ای سی او کی صدارت کرنے پر قازقستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ٹرانسپورٹ روابط کے فروغ اور پائیدار ترقی پر قازقستان کی توجہ قابلِ تحسین رہی، قازقستان کی صدارت نے اہم شعبوں میں تعاون کا تسلسل برقرار رکھنے اور تنظیم کے مستقبل کے لیے قابلِ قدر بنیاد فراہم کی۔

نائب وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ خطے میں معاشی ترقی کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے اور درپیش چیلنجز کا مل کر سامنا کرنا ہو گا، باہمی تعاون سے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

مزید پڑھیں:آبنائے ہرمز،2 آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے: پاسدارانِ انقلاب

انہوں نے کہا کہ خطے میں غیر یقینی صورتِ حال اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے پیشِ نظر علاقائی روابط کو مستحکم بنانا ہو گا۔