لاہور: تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس برطرف، 44 افسران کو عہدوں سے فارغ

Calender Icon منگل 17 نومبر 2026

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں مہنگائی اور گراں فروشی پر قابو پانے میں ناکامی، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو عہدوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ پرائس کنٹرول کے لیے مختلف محکموں سے تعینات کیے گئے افسران بھی فارغ کر دیے گئے ہیں۔

مجموعی طور پر 44 افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔ انتظامیہ نے پرائس کنٹرول کے پرانے نظام کو ختم کرکے نئی ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئے نظام کے تحت تھانوں کے بجائے تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:پنجاب: پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ اجراء کا نیا طریقہ متعارف کرانے کا فیصلہ

پیرا فورس، اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو پرائس کنٹرول کے اختیارات دینے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔نئے پرائس کنٹرول نظام کے تحت افسران کی نئی فہرستیں تیار کی جائیں گی۔