Advertisement

ماسکو میں مشاہد حسین سید کی گلوبل ساؤتھ پولیٹیکل کانفرنس کے اہم اجلاسوں کی صدارت

Calender Icon بدھ 18 نومبر 2026

پاکستان کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقد ہونے والی گلوبل ساؤتھ کی سب سے بڑی پولیٹیکل کانفرنس میں نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جہاں 72 ممالک کے 300 نمائندوں پر مشتمل اس تاریخی اجتماع کے افتتاحی اور اختتامی اجلاسوں کی صدارت کے لیے سینیٹر مشاہد حسین سید کو مدعو کیا گیا۔

روس کی حکمراں جماعت ’یونائیٹڈ رشیا‘ کی میزبانی اور سابق روسی صدر و جماعت کے سربراہ دمتری میدویدیف کی صدارت میں ہونے والی اس کانفرنس کے موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید نے دمتری میدویدیف سے خصوصی ملاقات بھی کی، جنہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے کلیدی خطاب میں سینیٹر مشاہد حسین نے روس کو پاکستان کا قابلِ اعتماد دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا عالمی نقطۂ نظر اور یوریشیا میں مفادات مشترک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم کا آئندہ دورۂ روس دوطرفہ تعلقات کو ازسرِنو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کا بہترین موقع ہوگا، جبکہ پاکستان 2027 میں اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر پوتن کے پرتپاک استقبال کا منتظر ہے۔

عالمی منظرنامے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو ”تبدیلی، ہنگامہ خیزی اور عملِ تغیر کے دور“ سے تعبیر کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین نے تین بڑی حقیقتوں کی نشاندہی کی، جن میں مغرب کا سکڑتا ہوا عالمی کردار اور داخلی تقسیم، چین کا عروج اور پاکستان جیسی درمیانی طاقتوں (مڈل پاورز) کا ابھرنا شامل ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کی میزبانی، 7 اپریل کو جنگ بندی کرانے میں کردار اور 17 جون کو ہونے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا خصوصی حوالہ دیتے ہوئے اسے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی جانب ایک اہم راستہ قرار دیا۔

چین کے شہر شینزن میں 19 نومبر کو صدر شی جن پنگ، صدر پوتن اور صدر ٹرمپ کے درمیان طے شدہ تاریخی ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فروری 1945 کی یالٹا ’بگ تھری‘ کانفرنس کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہوگا، تاہم اس میں چین جیسی بڑی ایشیائی طاقت کی شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکہ اب واحد سپر پاور نہیں رہا اور دنیا کثیر قطبی (ملٹی پولر) ہو چکی ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین نے مغرب کے زوال کو ناقابلِ واپسی جبکہ چین، گلوبل ساؤتھ اور مڈل پاورز کے عروج کو ناقابلِ روک قرار دیتے ہوئے ایک ایسے پُرامن اور خوشحال مستقبل کی تعمیر پر زور دیا جہاں نہ کوئی آقا ہو اور نہ کوئی محکوم۔ کانفرنس میں ایران، چین، ترکیہ، بھارت، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، وسطی ایشیائی ریاستوں، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے مندوبین سمیت انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کی سیکریٹری جنرل سینیٹر ستارہ ایاز نے بھی شرکت کی۔