اسلام آباد: پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کا معاملہ زیرِ بحث ہے، جبکہ سابق چیئرمین ڈاکٹر سید امام حسین عابدی مبینہ طور پر تیسری مرتبہ بھی اس عہدے پر تعیناتی کے خواہشمند ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سید امام حسین عابدی دو مرتبہ چیئرمین کی حیثیت سے اپنی مدت مکمل کر چکے ہیں، جس کے بعد وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے نئے چیئرمین کی بھرتی کے لیے اشتہار جاری کیا تھا۔
اشتہار کے جواب میں تقریباً 100 درخواستیں موصول ہوئیں اور شارٹ لسٹنگ کا عمل شروع کیا گیا۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شارٹ لسٹنگ کے دوران سابق چیئرمین کی جانب سے دوبارہ تعیناتی کے لیے مبینہ طور پر اثر و رسوخ استعمال کرنے اور دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔
جبکہ ان کے حق میں سفارشات بھی بھجوائی جانے لگیں۔ تاہم وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذرائع کے مطابق متعلقہ قواعد تیسری مرتبہ تعیناتی یا مزید توسیع کی اجازت نہیں دیتے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت نے وزیراعظم آفس سے اجازت حاصل کرنے کے بعد نئے چیئرمین کی تعیناتی کا عمل شروع کیا ہے۔













جمعہ 20 نومبر 2026 
