Advertisement

چوہدری سالک کا کرپشن مخالف بیانیہ مقبول، مہر سعید ظفر ق لیگ میں شامل

Calender Icon جمعہ 20 نومبر 2026

اسلام آباد: سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی مہر سعید ظفر نے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے اس بات کا اعلان مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کے نائب صدر اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی موجودگی میں کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک، رکن قومی اسمبلی فرخ خان، یوتھ ونگ کے صدر کامران سعید عثمانی، مسلم لیگ سندھ کے صدر آصف جمال قریشی، پنجاب کے نائب صدر مخدوم ارشد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

چوہدری سالک حسین نے مہر سعید ظفر اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان جیسے سینئر سیاستدان کی شمولیت سے پارٹی مضبوط ہوگی اور حوصلہ بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سوچ کا مرکز عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کا قیام ہونا چاہیے۔ پنجاب میں عوام کرپشن اور بدانتظامی سے نالاں ہیں، انہوں نے عوامی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے ایک اہم مسئلے کی نشاندہی کی تھی۔

تاہم ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور اسے سازش سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔ چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ انہیں اس بیان پر ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا، جس کا جواب دے دیا ہے، اگر عدالت نے طلب کیا تو ثبوت بھی پیش کریں گے۔

مہر سعید ظفر نے کہا کہ چوہدری سالک حسین نے عوام کے دلوں کی ترجمانی کرتے ہوئے کلمہ حق کہا ہے۔ انہیں چوہدری ظہور الٰہی شہید کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل رہا اور آج ان کے جانشین کے ساتھ مسلم لیگ میں شمولیت پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:پاکستانی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا انتظار ختم، ٹریلر تیار

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک حسین کا کرپشن کے خلاف بیانیہ عوام میں مقبول ہو رہا ہے اور عوامی نمائندے بھی مسلم لیگ کی جانب متوجہ ہیں۔ آنے والے دنوں میں کئی سابق ارکان اسمبلی اور معروف سیاستدان بھی پارٹی میں شامل ہوں گے۔