Advertisement

واٹس ایپ سکیورٹی میں خطرناک خامیوں کی نشاندہی، ایڈوائزری جاری

Calender Icon پیر 23 نومبر 2026

واٹس ایپ میں سکیورٹی سے متعلق خطرناک خامیوں کی نشاندہی پر نیشنل سائبرایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی۔

ایڈوائزری واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کے صارفین کے لیے جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خامیاں اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور ونڈوز اورمیک ڈیسک ٹاپ ورژنز کو متاثر کرتی ہیں۔

ایڈوائزری میں صارفین کو واٹس ایپ فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جعلی آرڈر ڈیٹیلز میسج کے ذریعے مقامی فائلیں ڈیلیٹ ہوسکتی ہیں، جعلی آرڈرڈیٹیلز میسج سے چیٹ ڈیٹابیس کی معلومات لیک ہونے کا خدشہ ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق ایک خامی میٹا اے آئی کے سرٹیفکیٹ ویریفیکیشن سے متعلق ہے، جبکہ ایک خامی کے ذریعےحملہ آورکو ڈیوائس کا آئی پی ایڈریس معلوم ہوسکتا ہے، آئی پی ایڈریس والی خامی کو اسپیم میسجزکے ساتھ استعمال کیےجانے کا خدشہ ہے۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ایک خامی کے ذریعے حملہ آورکا بھیجا گیا میڈیا یا یوآرایل ڈیوائس پرچل سکتا ہے جبکہ ونڈوزورژن میں نقصاندہ فائل عام دستاویزکی طرح دکھائی دے کر چل سکتی ہے۔

ایڈوائزری میں ایپ کو صرف آفیشل اسٹور سے اپ ڈیٹ کرنے اور غیرسرکاری یا موڈیفائیڈ واٹس ایپ استعمال نہ کرنےکی سفارش کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:شہباز شریف، پُرتگالی وزیر خارجہ ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایڈوائزری میں نامعلوم افراد کے آرڈرڈیٹیلز میسجزپر کلک نہ کرنے اور اشتہاری اورکلک ٹو واٹس ایپ میسجزپرکلک نہ کرنے کی سفارش کے ساتھ ساتھ میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ بند رکھنے اور مشکوک اکاؤنٹس کو بلاک اور رپورٹ کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔