کیا بانی پی ٹی آئی عمران خان(Imran khan) کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کی بحالی کے بجائے بشریٰ بی بی کی جیل سے رہائی زیادہ اہمیت اختیار کرچکی ہے؟ یہ سوال پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت میں زیرِ بحث ہے۔
پارٹی کے بعض مرکزی رہنماؤں کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی بحالی اب عمران خان کی ترجیحات میں شامل دکھائی نہیں دیتی، جبکہ بشریٰ بی بی کی رہائی ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہوچکی ہے۔
عمران خان ایسا کیوں سوچتے ہیں؟
پی ٹی آئی کے 2 اہم مرکزی رہنماؤں نے تصدیق کی ہے کہ بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات کے بعد پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں پارٹی رہنماؤں نے ایک دوسرے سے شکوے شکایات کیں، تاہم بعد ازاں لطیف کھوسہ نے عمران خان سے ہونے والی 4 گھنٹے طویل ملاقات کی تفصیلات سے شرکا کو آگاہ کیا۔
لطیف کھوسہ نے کور کمیٹی کو بتایا کہ ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کی معزولی اور گورنر راج کے نفاذ کا معاملہ متعدد مرتبہ زیرِ بحث آیا، تاہم عمران خان نے اس پر زیادہ توجہ نہیں دی۔ ایک موقع پر انہوں نے صرف اتنا کہا:
’اب دیکھتے ہیں یہ لوگ کیسے صوبے کو سنبھالتے ہیں۔‘
چند اہم سوالات
کیا خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت عمران خان کے لیے اپنی سیاسی اہمیت کھو چکی ہے؟ کیا حکومت کی بحالی اب ان کی ترجیحات میں شامل نہیں رہی؟ اور کیا سہیل آفریدی اور علی امین گنڈاپور سے عمران خان نے جو توقعات وابستہ کر رکھی تھیں، وہ پوری نہیں ہوسکیں؟
عمران خان نے سب سے زیادہ زور کس بات پر دیا؟
کور کمیٹی کے اجلاس میں لطیف کھوسہ نے عمران خان سے ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو کے مختلف پہلوؤں سے شرکا کو آگاہ کیا، تاہم ان کے مطابق عمران خان بار بار بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات کے بارے میں دریافت کرتے رہے۔
مزیدپڑھیں:بلوچستان کابینہ میں بڑے ردوبدل کی تیاریاں، کون اِن کون آوٹ
لطیف کھوسہ کے مطابق عمران خان نے واضح ہدایات دیں کہ ہر صورت بشریٰ بی بی کو جیل سے رہا کرایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی قید کی کوئی پروا نہیں، تاہم بشریٰ بی بی کی رہائی کے لیے جس سے چاہیں اور جب چاہیں بات کریں۔ لطیف کھوسہ کے مطابق عمران خان نے ملاقات کے دوران یہ ہدایات بار بار دہرائیں۔
28ویں آئینی ترمیم سے متعلق عمران خان کی ہدایات
لطیف کھوسہ نے کور کمیٹی کو بتایا کہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ترمیم پیش کیے جانے کے بعد اس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور اس پر جامع رپورٹ مرتب کرکے انہیں پیش کی جائے۔
اس کے علاوہ صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر عمران خان نے حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں سندھ کی تقسیم سے متعلق خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، جو اس معاملے پر اپنی رپورٹ مرتب کرکے انہیں پیش کرے گی۔













جمعرات 26 نومبر 2026 
