Pakistan in Space - Ammi's Last Instructions

’ٹرمپ کے وینزویلا، عراق کو اوپیک سے الگ کرنے کے خفیہ منصوبےکا انکشاف

Calender Icon جمعہ 27 نومبر 2026

وینزویلا کے معاملے میں امریکی دباؤ اس حد تک بڑھا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مداخلت کرنا پڑی، رائٹرز

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وینزویلا اور عراق کو تیل پیدا کرنے والے ممالک کی عالمی تنظیم (اوپیک) چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے۔

اوپیک (آرگنائزیشن آف دی پیٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز) تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم ہے جس کے ارکان عالمی منڈی میں تیل کی پیداوار اور رسد سے متعلق مشترکہ فیصلے کرتے ہیں۔ اس وقت تنظیم کے 11 ارکان ہیں جبکہ روس سمیت دیگر تیل پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ مل کر اوپیک پلس اتحاد بھی قائم کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس معاملے سے واقف 10 افراد نے بتایا کہ امریکی حکام کی جانب سے وینزویلا اور عراق کو اوپیک چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں رواں برس کی گئیں۔

رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا کہ امریکی حکام دونوں ممالک میں تیل کی پیداوار اور سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے تھے اور انہیں خدشہ تھا کہ اوپیک کی جانب سے تیل کی پیداوار کی حد مقرر کرنے کے فیصلے ان منصوبوں میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

سعودی ولی عہد نے کیا کردار ادا کیا؟
رائٹرز کے مطابق وینزویلا کے معاملے میں امریکی دباؤ اس حد تک بڑھا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مداخلت کرنا پڑی۔ معاملے سے واقف 2 افراد کے مطابق انہوں نے رواں سال موسم گرما میں ٹرمپ انتظامیہ کو وینزویلا پر اوپیک چھوڑنے کے لیے مزید دباؤ نہ ڈالنے پر آمادہ کیا۔

امریکی حکام نے عراق کے وزیراعظم علی فالح الزیدی سے بھی اوپیک چھوڑنے کے معاملے پر بات کی تھی۔ اس کے بعد عراقی وزیراعظم نے موسم گرما میں حکومتی اجلاس کے دوران تنظیم سے علیحدگی اختیار کرنے سے متعلق معاملہ اٹھایا تھا۔

تاہم عراقی وزارت تیل نے اس تجویز کی مخالفت کی تھی اور وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ تنظیم چھوڑنے کے بجائے عراق کے لیے تیل کی پیداوار کا زیادہ کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔

رائٹرز کے مطابق عراق کے حکمران اتحاد کے بعض حلقے اب بھی اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کے حامی ہیں۔ ان کے خیال میں ان تنظیموں پر سعودی عرب اور روس کا زیادہ اثر و رسوخ ہے۔

وینزویلا کی رکنیت فیس بھی روک دی گئی
رائٹرز کے مطابق امریکی انتظامیہ نے وینزویلا کو اوپیک کی سالانہ رکنیت فیس ادا کرنے سے بھی روک دیا تھا۔ اس حوالے سے ذرائئع نے بتایا کہ امریکی حکام کا مؤقف تھا کہ یہ رقم زیادہ اہم کاموں پر خرچ کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اوپیک کے ارکان ہر سال تقریباً 28 لاکھ یورو رکنیت فیس ادا کرتے ہیں۔ یہ رقم تنظیم کے عملے کی تنخواہوں، تحقیق اور دیگر انتظامی اخراجات پر خرچ ہوتی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اس سوال کا براہ راست جواب نہیں دیا کہ آیا وینزویلا کی فیس کی ادائیگی روکی گئی تھی یا نہیں۔ تاہم انھوں نے تصدیق کی کہ وینزویلا کے سرکاری فنڈز ایسے اکاؤنٹ میں موجود ہیں جو امریکا کے کنٹرول میں ہے اور عبوری حکومت کو ان فنڈز کے استعمال کے لیے امریکی حکام کے جائزے سے گزرنا پڑتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے اس حوالے سے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ممکن ہے نچلی سطح کے امریکی حکام نے وینزویلا کے ساتھ اوپیک چھوڑنے کا معاملہ اٹھایا ہو تاہم اعلیٰ سطح کے حکام کی بات چیت میں یہ موضوع شامل نہیں تھا۔

اوپیک ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ تنظیم کے پاس فیس ادا نہ کرنے کی صورت میں بھی وینزویلا کو رکنیت سے خارج نہ کرنے کا اختیار ہے اور فی الحال اسے تنظیم سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

کیا امریکا دنوں ملکوں کو آمادہ کر سکتا ہے؟
امریکا کے پاس دونوں ممالک پر اثر و رسوخ استعمال کرنے کے ذرائع موجود ہیں۔ جنوری میں نکولس مادورو کی حکومت ختم ہونے کے بعد وینزویلا کے سرکاری فنڈز بھی امریکی کنٹرول میں آ گئے ہیں۔

دوسری جانب عراق کی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی اب بھی نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک میں موجود ایک اکاؤنٹ کے ذریعے منتقل ہوتی ہے۔ یہ انتظام 2003 میں عراق پر امریکی حملے کے بعد قائم کیا گیا تھا اور 2 دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود برقرار ہے۔

رائٹرز کے مطابق امریکا نے رواں سال عراق کو دھمکی بھی دی تھی کہ اگر اس نے اپنی حکومت میں ایران کے اثر و رسوخ کو کم نہ کیا تو اسے تیل کی آمدنی سے محروم کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اوپیک کا قیام ستمبر 1960 میں بغداد میں عمل میں آیا تھا۔ عراق، ایران، سعودی عرب، کویت اور وینزویلا نے مل کر اس تنظیم کی بنیاد رکھی تھی تاکہ عالمی تیل کی منڈی پر مغربی تیل کمپنیوں کے غلبے کو کم کیا جا سکے اور تیل پیدا کرنے والے ممالک اپنے وسائل پر زیادہ اختیار حاصل کر سکیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی برس سے اوپیک کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ وہ تنظیم کو کارٹیل اور اجارہ داری قرار دیتے ہوئے الزام لگاتے ہیں کہ یہ عالمی صارفین کے لیے تیل مہنگا رکھنے کا باعث بنتی ہے۔

گزشتہ دہائی میں امریکا دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک بن چکا ہے اور اب عالمی منڈی میں اوپیک کا ایک بڑا حریف ہے۔ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا میں سرمایہ کاری کریں اور وہاں تیل کی پیداوار بحال کریں۔

رائٹرز کے مطابق 2019 کے بعد سے اوپیک کے 4 ارکان قطر، ایکواڈور، انگولا اور متحدہ عرب امارات تنظیم چھوڑ چکے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے رواں سال پیداوار کی حد سے متعلق اختلافات کے بعد علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ تاہم ان ممالک کے فیصلوں میں امریکا کے کردار کے شواہد نہیں ملے۔

وینزویلا کو اس وقت اوپیک پلس کی تیل پیداوار کی مقررہ حد سے استثنیٰ حاصل ہے کیونکہ برسوں کی پابندیوں اور بدانتظامی کے باعث اس کی پیداوار تاریخی سطح سے کافی نیچے آ چکی ہے۔

مزید پڑھیں:ہیکرز نے امریکی فضائیہ کے ’کلاؤڈ ون‘ میں رسائی حاصل کرلی: رائٹرز

اوپیک کے اعداد و شمار کے مطابق وینزویلا نے ستمبر میں تقریباً 12 لاکھ بیرل یومیہ تیل پیدا کیا تھا جبکہ اس کی سرکاری تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے نے اگلے سال کے اختتام تک پیداوار 15 لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔