ترجمان دفتر خارجہ نے لیبیا کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے اور حادثے میں پاکستانی شہریوں کے متاثر ہونے کی خبروں پر کہا ہے کہ ”ان اطلاعات کی اب تک آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔ ہم امید اور دعا کرتے ہیں کہ یہ سچ نہ ہوں۔“
یہ خبریں بدھ سے گردش کر رہی ہیں جن میں خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تقریباً 35 افراد کے اس حادثے میں لاپتا ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جن میں سے 10 افراد کی گزشتہ روز غائبانہ نمازِ جنازہ بھی ادا کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے آفیشل فیس بک پر جاری ایک بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے حکام نے اس ’حادثے میں جاں بحق ہونے والے علاقہ ماموند کے نوجوانوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی‘ اور ’مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی‘۔
“انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طریقوں سے لوگوں کو بیرونِ ملک بھیجنے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ”
گزشتہ روز خیبر پختونخوا پولیس نے واضح کیا تھا کہ انسانی اسمگلنگ کے ایجنٹوں نے باجوڑ سے تعلق رکھنے والے متاثرہ نوجوانوں کے رشتے داروں کو حادثے کی اطلاع دی تاہم فی الحال لیبیا میں کسی نئے حادثے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ایکس پر جاری بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر نے کہا کہ تاحال لیبیا میں کسی کشتی حادثے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی تاہم طرابلس میں پاکستانی سفارت خانہ حقائق کا پتا لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایمبیسی حادثے اور اس میں پاکستانی شہریوں کے متاثر ہونے کے حوالے سے معاملے کی فعال انداز میں پیروی کر رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق سفارت خانے نے اس سلسلے میں لیبیا کے متعلقہ سرکاری حکام، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن اور دیگر متعلقہ فریقین سے رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس بارے میں مزید معلومات تصدیق شدہ تفصیلات دستیاب ہونے کے فوراً بعد فراہم کر دی جائیں گی۔
حادثے کی اطلاعات پر خیبر پختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ ”اس افسوسناک واقعے میں باجوڑ کے نوجوانوں کی المناک اموات کی خبر سن کر انہیں دلی صدمہ پہنچا۔ اس سانحے سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہوں۔“
واضح رہے کہ لیبیا ہی وہ مقام ہے جہاں سے وسطی بحیرہ روم کے راستے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن اکثر کشتیوں کے ذریعے اپنے سفر کا آغاز کرتے ہیں۔ یہاں گزشتہ چند برسوں میں کئی حادثات پیش آ چکے ہیں جن کا شکار ہونے والوں میں باجوڑ کے رہائشی بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:پنجاب کی تقسیم نہیں چاہتا، جنوبی پنجاب صوبے کا حامی ہوں، بلاول
ایسا ہی ایک حادثہ فروری 2025 میں مغربی لیبیا کے قریب پیش آیا تھا جس میں وزارتِ خارجہ کے مطابق کشتی الٹنے سے متاثر ہونے والوں میں باجوڑ اور کرم کے لوگ بھی شامل تھے۔ حکام نے 16 پاکستانی شہریوں کی شناخت کی تصدیق کی تھی جن کی لاشیں اس حادثے کے بعد برآمد ہوئی تھیں۔













جمعہ 27 نومبر 2026 
