دوحہ: ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز (50 اوورز) کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے نے شہادت حسین کی شاندار ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت پاکستان اے کو جیت کے لیے 233 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے جا رہے ڈے اینڈ نائٹ سیمی فائنل میچ میں بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میچ کے آغاز میں پاکستانی فاسٹ باؤلر علی رضا نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی پانچ اوورز کے اندر ہی بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز کو پویلین کی راہ دکھا کر حریف ٹیم کو دباؤ میں لے لیا۔
ابتدائی نقصان کے بعد شہادت حسین اور اسلام انکون نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 95 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور ٹیم کو سنبھالا دیا۔ تاہم اس شراکت کے ٹوٹنے کے بعد پاکستانی باؤلرز نے سفیان مقیم کی قیادت میں زبردست کم بیک کیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے بنگلہ دیشی مڈل آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔ حسن نواز نے بھی نچلے نمبروں کے دو اہم بلے بازوں کو آؤٹ کر کے رنز کی رفتار پر قابو رکھا۔
ایک اینڈ سے وکٹیں گرنے کے باوجود شہادت حسین ڈٹے رہے اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر احمد دانیال کو مڈ وکٹ کے اوپر سے فلک شاٹ کے ذریعے شاندار چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 118 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 103 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ آخر میں رپن منڈول نے 12 گیندوں پر 19 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا اور آٹھویں وکٹ کے لیے 40 رنز جوڑے۔
بنگلہ دیش اے نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے احمد دانیال نے 51 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ محمد عمران 10 اوورز میں 42 رنز دے کر وکٹ سے محروم رہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اے کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ ہدف کا تعاقب کر رہی ہے اور فائنل میں رسائی کے لیے گرین شرٹس کو 233 رنز درکار ہیں۔













جمعہ 27 نومبر 2026 
