سیف علی خان کی پراپرٹی میں سرمایہ کاری، 30 کروڑ کی جائیداد خریدلی

Calender Icon جمعرات 20 نومبر 2025

بالی ووڈ کے سینئر اداکار سیف علی خان نے ممبئی کے علاقے اندھیری میں دو دفاتر خرید لیے۔

واضح رہے کہ اس وقت بالی ووڈ اسٹارز میں طویل المدت فوائد کے لیے رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان ہے اور اسی تناظر میں اب سیف علی خان نے دو آفس اسپیس خریدنے کےلیے بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔

2001 کی فلم دل چاہتا ہے میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے 55 سالہ سیف علی خان نے یہ جائیداد 30 کروڑ 75 لاکھ روپے میں خریدے ہیں، اس خریداری سے ان کے پورٹ فولیو میں مزید اضافہ کا امکان ہے کیونکہ یہ جائیداد کرائے پر دینے کی غرض سے حاصل کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان دونوں آفس کا مشترکہ رقبہ 5,681 اسکوائر فٹ ہے اور یہ کنکیا وال اسٹریٹ پر واقع ہیں جو کہ ممبئی کے علاقے اندھیری میں موجود کمرشل آفس کمپلیکس میں ہے۔

امریکا میں موجود ایک فارماسیوٹیکل کمپنی سے خریدی گئی اس جائیداد میں چھ پارکنگ اسپاٹس بھی شامل ہیں۔ اس خریداری پر ایک کروڑ 84 لاکھ کی اسٹیمپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن کے مد میں 60 ہزار روپے ادا کیے گئے۔