چین کا کم عمر ریسنگ ڈرائیور، شاؤ زی یان کو 5 سال کی عمر میں لائسنس مل گیا

Calender Icon جمعہ 13 مارچ 2026

بیجینگ (ویب ڈیسک) چین سے تعلق رکھنے والا ایک کم عمر بچہ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث دنیا بھر میں توجہ حاصل کر رہا ہے۔
شاؤ زی یان کو چین کا کم عمر ترین لائسنس یافتہ ریسنگ ڈرائیور قرار دیا جا رہا ہے، جس نے صرف 5 سال کی عمر میں ریسنگ لائسنس حاصل کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاؤ زی یان کو بچپن ہی سے کار ریسنگ میں دلچسپی رہی، اس نے محض ایک سال کی عمر میں ریسنگ سمیولیٹر گیم کھیلنا شروع کر دی تھی، جس سے اس کی ڈرائیونگ مہارت میں ابتدائی طور پر ہی اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔

بعد ازاں اس نے 2 سال اور 8 ماہ کی عمر میں گو۔ کارٹ چلانا شروع کیا اور صرف 4 سال کی عمر میں باقاعدہ ریسنگ مقابلوں میں حصہ لینے لگا، کم عمری کے باوجود اس کی ڈرائیونگ مہارت نے ماہرین اور شائقین دونوں کو حیران کر دیا۔

ایک عالمی ریسنگ سمیولیٹر مقابلے میں بھی شاؤ زی یان نے شاندار کارکردگی دکھائی، جہاں وہ 10 ہزار سے زائد کھلاڑیوں کے درمیان 27ویں نمبر پر رہا، اس غیر معمولی کارکردگی کے باعث میڈیا اسے چین کا کم عمر ترین پروفیشنل ریسر قرار دے رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر شاؤ زی یان اسی رفتار سے اپنی مہارت کو بہتر بناتا رہا تو مستقبل میں وہ عالمی موٹر سپورٹس کی دنیا میں ایک نمایاں نام بن سکتا ہے۔