بھارتی ٹیلی ویژن کی اداکارہ جسویر کور جو ڈرامہ سیریز انوپما، سی آئی ڈی اور گنگا میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور ہوئیں، نے حال ہی میں اہم انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں سی آئی ڈی کے اونرز نے زبردستی شو چھوڑنے پر مجبور کیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد انہیں سات سال تک شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس دوران وہ صرف چھوٹے موٹے کردار کر کے گزارا کرتی رہیں۔
یوٹیوب پر ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے 48 سالہ جسویر کور نے کہا کہ انہیں اچانک شو چھوڑنے کو کہا گیا، دو سال تک مسلسل اس شو کے لیے شوٹنگ کی، اس دوران ایک بھی دن کی چھٹی نہیں ملی۔ جب شو سے نکالا گیا تو ان کے کسی ساتھی اداکار نے ان سے رابطہ کیا اور نہ ہی ان کے حق میں آواز اٹھائی۔
اس سوال پر کہ انہیں شو سے کیوں نکالا گیا؟ جسویر نے کہا اچانک مجھے آفس بلا کر کہا گیا کہ میرا رویہ ٹھیک نہیں ہے اور میں ٹھیک طریقے سے چلتی بھی نہیں ہوں اور دیگر الزامات لگائے گئے۔ میں حیران تھی کہ یہ سب کب ہوا؟ میری آنکھوں میں صرف آنسو تھے اور میری ماں بھی میری حالت دیکھ کر روتی تھیں۔ اس کے بعد میں تین ماہ تک ڈپریشن میں رہی۔
انہوں نے کہا شو کے دوران وہ بلیک میجک کا شکار بھی ہوئیں، میرے بال کاٹ کر مٹی میں دفن کیے گئے جس کا مجھے ایک نجومی نے بتایا۔ انھوں نے کہا میں نے گھر خریدا تھا، لیکن قسط ادا کرنے کے پیسے بھی نہیں تھے، فرش پر سوتی تھی۔ میرے پاس صرف 100 روپے ہوتے تھے جبکہ 800 روپے ٹیکس دینا پڑتا تھا۔
واضح رہے کہ جسویر کور نے سی آئی ڈی میں انسپکٹر کاجل کا کردار ادا کیا تھا اور وہ 2010 سے 2012 تک اس شو کا حصہ رہیں۔ اس مقبول کرائم ڈرامے میں شیواجی ساتم، ادیتیا شریواستو، دیانند شیٹی اور نریندرا گپتا سمیت کئی اداکار شامل تھے۔
جسویر کور نے اپنے کیریئر کا آغاز 1998 کی فلم سولجر سے کیا۔ بعد ازاں کئی بالی ووڈ فلموں میں کام کیا جن میں بادشاہ، تال، کہو نہ پیار ہے، بادل اور محبتیں شامل ہے، جبکہ ٹیلی ویژن پر 2004 میں ڈرامہ کے اسٹریٹ پالی ہل سے ڈیبیو کیا۔












جمعہ 13 مارچ 2026 