کھلاڑیوں کے حقوق، معاہدوں کی شفافیت: PSL آئی پی ایل سے بازی لے گیا

Calender Icon پیر 23 مارچ 2026

ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ ہفتے جاری کردہ رپورٹ کے تجزیے سے یہ واضح ہوتا ہے اگرچہ بھارت کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) مجموعی درجہ بندی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے آگے ہے، تاہم کھلاڑیوں کے حقوق، معاہدوں کی شفافیت اور گورننس کے بیشتر شعبوں میں پی ایس ایل کا نظام زیادہ مضبوط اور متوازن ہے۔

ڈبلیو سی اے کی رپورٹ میں تیسرے نمبر پر موجود آئی پی ایل کو 62.6 جبکہ پانچویں نمبر کی پی ایس ایل کو 48.0 پوائنٹس دیے گئے تھے، لیکن اس فرق کی بنیادی وجہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں کو دی جانے والی غیر معمولی اہمیت ہے۔ اس رپورٹ کی ترتیب میں کھلاڑیوں کی مجموعی اوسط تنخواہ کو 45 فیصد وزن دیا گیا ہے، جو کسی بھی لیگ کی مجموعی درجہ بندی پر فیصلہ کن اثر ڈالتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کی اوسط ہفتہ وار آمدن 59,041 امریکی ڈالر ہے، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور اسی بنیاد پر اسے اس کیٹیگری میں آئی پی ایل کو مکمل اسکور ملا۔

اس کے برعکس پی ایس ایل میں اوسط ہفتہ وار آمدن 16,579 ڈالر ہے، جو آئی پی ایل کے مقابلے میں تقریباً 28 فیصد بنتی ہے، یہی فرق مجموعی اسکور میں 30 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں خلا پیدا کرتا ہے۔

تنخواہوں کی تفصیل کا گہرائی سے جائزہ لینے پر ایک مختلف تصویر سامنے آتی ہے، کم از کم تنخواہ کے معاملے میں پی ایس ایل نسبتاً بہتر نظر آتی ہے، جہاں کھلاڑیوں کو تقریباً 3,868 ڈالر ہفتہ وار ملتے ہیں، جو عالمی معیار کا 36.8 فیصد ہے، جبکہ آئی پی ایل میں یہ رقم تقریباً 2,300 ڈالر یعنی 22 فیصد ہے۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ایس ایل میں آمدن کی تقسیم نسبتاً زیادہ متوازن ہے، مزید برآں ریونیو شیئر کے معاملے میں بھی پی ایس ایل سبقت رکھتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل اپنی کل آمدن کا تقریباً 32 فیصد کھلاڑیوں کو جاتا ہے جبکہ آئی پی ایل میں یہ شرح صرف 8 فیصد ہے۔

اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ آئی پی ایل کی مجموعی مالی طاقت کے باوجود کھلاڑیوں کو اس کا کم حصہ ملتا ہے۔

گورننس اور کھلاڑیوں کے حقوق کے حوالے سے بھی پی ایس ایل کئی شعبوں میں بہتر ثابت ہوئی ہے۔ تنازعات کے حل کے نظام کو پی ایس ایل میں آزاد اور غیر جانبدار قرار دیا گیا ہے، جہاں کھلاڑی اور منتظمین کے درمیان مسائل شفاف انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں آئی پی ایل کا نظام زیادہ تر اندرونی ہے، جس پر جانبداری کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔

معاہدوں کے حوالے سے بھی واضح فرق موجود ہے۔ پی ایس ایل میں معاہدوں کو زیادہ متوازن اور یکطرفہ شقوں سے پاک قرار دیا گیا ہے، جبکہ آئی پی ایل میں ایسی شقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو منتظمین کو کھلاڑیوں کے معاہدے یکطرفہ طور پر تبدیل یا بڑھانے کا اختیار دیتی ہیں۔

کلیکٹو بارگیننگ کے معاملے میں بھی پی ایس ایل کو برتری حاصل ہے، جہاں کھلاڑیوں کی نمائندگی کے کچھ شواہد موجود ہیں، جبکہ آئی پی ایل میں اس نوعیت کا کوئی مضبوط یا آزاد ڈھانچہ موجود نہیں۔

اسی طرح کھلاڑیوں کے کمرشل رائٹس کے حوالے سے بھی پی ایس ایل کا نظام نسبتاً بہتر ہے۔ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں پر غیر ضروری پابندیاں کم ہیں اور وہ اپنی ذاتی برانڈنگ اور امیج کے استعمال پر کسی حد تک کنٹرول رکھتے ہیں۔ اس کے برعکس آئی پی ایل میں کھلاڑیوں پر زیادہ پابندیاں ہیں اور ان کے کمرشل حقوق پر ان کا کنٹرول محدود ہے۔

سیکیورٹی ریویو اور رائٹ ٹو آرگنائز جیسے شعبوں میں بھی پی ایس ایل بہتر کارکردگی دکھاتی ہے، جہاں آزادانہ سیکیورٹی جائزے کی سہولت موجود ہے اور کھلاڑیوں کو نمائندہ تنظیموں سے وابستگی میں رکاوٹ نہیں۔ آئی پی ایل میں ان دونوں پہلوؤں میں کمزوریاں سامنے آئی ہیں۔

مجموعی طور پر یہ تجزیہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اگرچہ آئی پی ایل دنیا کی سب سے امیر لیگ ہے اور اسی بنیاد پر اسے بیتر درجہ بندی حاصل ہے، لیکن پی ایس ایل کھلاڑیوں کے حقوق، معاہدوں کی شفافیت اور گورننس کے بیشتر پہلوؤں میں ایک زیادہ متوازن اور منصفانہ نظام پیش کرتی ہے۔ رپورٹ سے یہ تاثر بھی ملتا ہے کہ موجودہ درجہ بندی کا نظام مالی عوامل کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے، جس کی وجہ سے دیگر اہم پہلو پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔