پاکستان کی متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر کی ادائیگی

Calender Icon ہفتہ 18 اپریل 2026

پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر کی ادائیگی مکمل کر دی ہے۔

اسٹیٹ بینک (State Bank) کے ترجمان کے مطابق یہ رقم پہلے پاکستان کے اکاؤنٹ میں سیف ڈیپازٹ کی صورت میں موجود تھی، جس کی واپسی اب مکمل کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ عالمی مالیاتی صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات نے اس رقم کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا تھا، جس پر پاکستان نے ادائیگی کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں:پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ مکمل، وزیر خزانہ

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ڈپازٹ 6 فیصد سالانہ شرح سود پر تھا، اور اس سے قبل متحدہ عرب امارات اس رقم کو سالانہ بنیادوں پر رول اوور کرتا رہا۔ دسمبر 2025 میں اسے پہلے ایک ماہ اور پھر دو ماہ کے لیے بھی رول اوور کیا گیا تھا۔

دوسری جانب مالیاتی ذرائع کے مطابق پاکستان کو حالیہ دنوں میں سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی فنڈنگ موصول ہوئی ہے، جبکہ سعودی عرب نے آئندہ مراحل میں مزید 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹس فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔