اسلام آباد یونائیٹڈ میں تبدیلی، دیپیندر سنگھ ایری کی جگہ پوون رتھنائیکے شامل

Calender Icon ہفتہ 18 اپریل 2026

اسلام آباد یونائیٹڈ (Islamabad United) نے اپنے اسکواڈ میں تبدیلی کرتے ہوئے دیپیندر سنگھ ایری کی جگہ سری لنکا کے آل راؤنڈر پوون رتھنائیکے کو شامل کر لیا ہے۔

فرنچائز ترجمان کے مطابق دیپیندر سنگھ ایری کو قومی ذمہ داریوں کے باعث پی ایس ایل چھوڑنا پڑ رہا ہے، جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کا انتخاب کیا۔

ایری کو پی ایس ایل ڈرافٹ میں 60 لاکھ روپے میں منتخب کیا گیا تھا، اور معاہدے کے مطابق وہ اپنی محدود دستیابی کے باعث کنٹریکٹ کی 70 فیصد رقم حاصل کریں گے، جبکہ بقیہ 30 فیصد رقم نئے شامل ہونے والے کھلاڑی پوون رتھنائیکے کو دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل 11: لاہور قلندرز کا پنڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ لیوک رونکی نے کہا ہے کہ اس سیزن میں وکٹیں نسبتاً مشکل ثابت ہو رہی ہیں اور آئندہ میچز میں بھی اسی نوعیت کی کنڈیشنز کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کھلاڑی ٹیم کے لیے اہم ہوتے ہیں جو ایشیائی کنڈیشنز کو سمجھتے ہوں اور اسپن بولنگ کو بہتر انداز میں کھیل سکیں۔ ان کے مطابق پوون رتھنائیکے اس تجربے اور مہارت کے حامل ہیں اور ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

ترجمان اسلام آباد یونائیٹڈ نے دیپیندر سنگھ ایری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قومی ذمہ داریوں کو سراہا اور پوون رتھنائیکے کو ٹیم میں خوش آمدید کہا۔