لاہور کی سیشن کورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ(Rajab Butt) سمیت دیگر ملزمان کے خلاف لڑکی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تاہم کیس میں آج بھی فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکی۔
ایڈیشنل سیشن جج یاسر عرفات نے کیس کی سماعت کی، جس دوران ملزمان رجب بٹ، جہانگیر، جواد علی اور عبد الرحمان عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر عدالت نے گزشتہ کارروائی کے تسلسل میں ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کر دی تھیں اور آج فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان تھا۔
عدالتی کارروائی کے دوران ملزمان کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا عبدالمعروف نے دلائل پیش کیے، تاہم مدعیہ کے وکیل نے عدالت سے مؤقف اختیار کرنے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے مدعیہ کے وکیل کو دلائل کے لیے مہلت دے دی اور سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی۔
مزیدپڑھیں:پی ایس ایل: مہمان نوازی شاندار ہے، بس تماشائیوں کی کمی محسوس ہورہی ہے، اسمتھ
یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت نے کیس میں نامزد ملزمان کو فردِ جرم کے لیے طلب کیا تھا، جب کہ گزشتہ سماعت پر تمام ملزمان کو چالان کی کاپیاں بھی فراہم کی گئی تھیں۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے ایک خاتون کو گھر بلا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
یہ کیس سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کر چکا ہے، کیونکہ اس میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ بھی نامزد ہیں، جن کی آن لائن فالوونگ لاکھوں میں ہے۔ عدالت کی آئندہ سماعت میں فردِ جرم سے متعلق کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔












بدھ 22 اپریل 2026 