اسرائیلی فوج نے لبنان کے ساتھ جنگ بندی کے باوجود جنوبی علاقے سے شہریوں کے انخلاف کے احکامات جاری کردیے ہیں جبکہ حزب اللہ اور اسرائیل کی جانب سےایک دوسرے پر حملوں کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔لبنان میں 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں (israilian attacks)میں 2500 سے زائد شہری جاں بحق اور 7 ہزار 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، وزارت صحت
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے حالیہ جنگ بندی میں تین ہفتوں کی توسیع کے باوجود جنوبی لبنان کے کئی علاقوں سے شہریوں کو انخلا کے تازہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بیان میں الزام عائد کیا کہ حزب اللہ نے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کرکے اسرائیلی فوج کو ان کے انفرا اسٹرکچر کے خلاف سخت کارروائی کے لیے مجبور کیا ہے۔
جنوبی لبنان کے جن علاقوں سے شہریوں کو انخلا کے احکامات دیے گئے ہیں، ان میں دریائے لیتانی کے شمال میں واقع علاقے شامل ہیں اور یہ علاقہ لبنان کے دو حصوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے کے شروع میں لبنان میں نافذ جنگ بندی میں تین ہفتوں کے لیے توسیع کی گئی تھی جبکہ اسرائیل نے واضح کیا تھا کہ جنوبی لبنان میں ان کی فوج موجود رہے گی اور حزب اللہ کے ساتھ جھڑپیں جاری رہیں۔
حزب اللہ اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر حملوں کے الزامات سے جنگ بندی خطرے میں پڑ گئی ہے، اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے تازہ بیان میں حزب اللہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام دیتے ہوئے کہا کہ فوج لبنان میں بھرپور کارروائی کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کی ثالثی میں نافذ جنگ بندی میں حزب اللہ براہ راست فریق نہیں ہے تاہم لبنان کی حکومت اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے لبنان پر تازہ حملوں کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ان کی فوج کی کارروائیاں امریکا کے ساتھ طے پائے گئے اصولوں کے مطابق ہے، نیتن یاہو نے گزشتہ روز فوج کو حکم لبنان میں سخت کارروائیوں کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیل پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان کے علاقے طیبہ میں اسرائیلی فوج پر راکٹ حملہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ہفتے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا تھا کہ اسرائیلی کی جانب سے لبنان پر بم باری نہیں کی جائے گی کیونکہ انہیں ایسا کرنے سے امریکا نے روک دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے دوبارہ اعلان کیا تھا کہ جنگ بندی میں مزید تین ہفتوں کی توسیع کی گئی ہے اور امید ظاہر کی تھی کہ اسرائیلی وزیراعظم اور لبنان کے صدر جوزف عون واشنگٹن میں اجلاس میں شریک ہوں گے۔
مزید پڑھیں:چین سے تعلقات نسلوں پر محیط، عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، صدر مملکت
لبنانی وزارت صحت کے مطابق لبنان پر اسرائیل کے حملوں میں 2 مارچ سے تاحال دو ہزار 509 افراد جاں بحق اور 7 ہزار 750 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔












اتوار 26 اپریل 2026 