امریکی بحریہ (US Navy) کا ایک جنگی جہاز انڈو پیسیفک کے علاقے میں منگل کے روز ایک بڑے تکنیکی مسئلے کا شکار ہو گیا، جب وہ کئی گھنٹوں تک بجلی اور انجن سے مکمل طور پر محروم رہا۔
امریکی بحریہ کے مطابق گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر USS Halsey (DDG-97) میں برقی نظام کی خرابی کے باعث ایک “انجینئرنگ حادثہ” پیش آیا، جس کے نتیجے میں جہاز کی تمام پاور اور پروپلشن سسٹم عارضی طور پر بند ہو گئے۔
بحریہ کے بیان کے مطابق جہاز پر موجود تقریباً 300 اہلکار محفوظ رہے اور کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم ایک دفاعی عہدیدار کے مطابق اس دوران جہاز کئی گھنٹوں تک حرکت اور سمت کے کنٹرول سے محروم رہا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران جہاز کے ریڈار اور دفاعی نظام بھی غیر فعال ہو گئے، جس کے باعث وہ عملی طور پر بے بس حالت میں سمندر میں موجود رہا۔
سابق امریکی بحریہ کے کپتان Carl Schuster نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ ایسی صورتحال میں ہنگامی ڈیزل جنریٹر صرف بنیادی نظام، جیسے کمیونیکیشن اور ایئر کنڈیشننگ، کو ہی محدود طور پر چلانے کے قابل ہوتے ہیں۔
بحریہ نے واقعے کی درست لوکیشن ظاہر نہیں کی، تاہم بتایا گیا ہے کہ انڈو پیسیفک کمانڈ کا دائرہ امریکی مغربی ساحل سے لے کر بھارت کے مغربی علاقے تک پھیلا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ یہ جہاز امریکی بحریہ کے Arleigh Burke-class destroyer میں شامل ہے، جو جدید جنگی صلاحیتوں کے حامل سمجھے جاتے ہیں اور امریکی سرفیس فلیٹ کا اہم حصہ ہیں۔












جمعہ 1 مئی 2026 