امریکی حکومت خلائی مخلوق سے متعلق خفیہ دستاویزات، تصاویر اور ویڈیوز منظرِ عام پر لے آئی

Calender Icon جمعہ 8 مئی 2026

اپالو 12 مشن کے دوران چاند کی سطح سے لی گئی ’نامعلوم مظاہر‘ کی ایک تصویر۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ(donald trump) نے یو ایف اوز، خلائی مخلوق اور نامعلوم فضائی مظاہر (یو اے پی) سے متعلق درجنوں خفیہ دستاویزات جاری کر دیں۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق ان دستاویزات کو عوام کے سامنے لانے کا مقصد ’غیر معمولی شفافیت‘ فراہم کرنا ہے جبکہ اس حوالے سے مزید مواد بھی ڈی کلاسیفائی ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔

تقریباً 170 فائلوں پر مشتمل اس ریلیز میں 1969 کے اپالو 12 مشن کے دوران چاند کی سطح سے لی گئی ’نامعلوم مظاہر‘ کی ایک تصویر بھی شامل ہے۔

اسی طرح 1972 کے اپالو 17 مشن کے عملے کی گفتگو کا ٹرانسکرپٹ بھی جاری کیا گیا ہے جس میں خلا بازوں نے چاند سے نامعلوم اجسام دیکھنے کا ذکر کیا تھا۔

وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ فائلیں طویل عرصے تک خفیہ درجہ بندی کے پیچھے چھپی رہیں جس سے جائز قیاس آرائیاں جنم لیتی رہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ امریکی عوام خود انہیں دیکھیں‘۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ حکومتیں اس معاملے پر شفافیت فراہم کرنے میں ناکام رہیں، لیکن اب ان نئی دستاویزات اور ویڈیوز کے بعد عوام خود فیصلہ کر سکتے ہیں کہ آخر یہ سب کیا ہو رہا ہے؟

مزید پڑھیں:امریکی نائب صدر، قطری وزیر اعظم کی اہم ملاقات، خطے کے استحکام پر گفتگو، رائٹرز

دوسری جانب بعض ناقدین نے ان دستاویزات کے اجرا کو ٹرمپ کی سیاسی مشکلات سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے جن میں ایران کے خلاف غیر مقبول امریکی فوجی مہم اور جیفری ایپسٹین سے متعلق مزید دستاویزات جاری کرنے کا عوامی دباؤ شامل ہے۔