وطن کی حرمت پر آنچ آئے تو پوری پاکستانی قوم ایک مضبوط دیوار بن جاتی ہے،شاہد آفریدی

Calender Icon اتوار 10 مئی 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی(Shahid Afridi) نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی حرمت پر آنچ آئے تو پوری پاکستانی قوم ایک مضبوط دیوار بن جاتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے خصوصی پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ صف اللہ کو پسند ہے جس میں دل ایک ہوں، قدم ایک ہوں اور ارادے مضبوط ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کو ایک سال گزر جانے کے باوجود اس کی کامیابی آج بھی قوم کے دلوں میں تازہ ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک عسکری کارروائی نہیں تھی بلکہ پاکستانی قوم کی غیرت، افواجِ پاکستان کی بہادری اور اللہ تعالیٰ کی نصرت کی روشن مثال تھی۔

مزیدپڑھیں:پاکستان تیل، بجلی اور گیس کی مقامی قیمتوں کو لاگت کے مطابق رکھے، مستحق صارفین کا تحفظ بھی یقینی بنائے، IMF کی شرط

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا کو اس وقت نفرت اور تصادم کے بجائے امن، برداشت اور انسانیت کی ضرورت ہے۔ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کی بات کرتا آیا ہے، تاہم جب وطن کی خودمختاری اور حرمت کا معاملہ ہو تو پوری قوم متحد ہو کر دفاع کے لیے کھڑی ہو جاتی ہے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ اصل طاقت صرف جدید ہتھیاروں میں نہیں بلکہ اتحاد، ایمان اور سچائی میں پوشیدہ ہوتی ہے۔