ڈھاکا ٹیسٹ کا تیسرا دن ختم، پاکستان 386 پر آؤٹ، بنگلادیش کو 34 رنز کی برتری

Calender Icon اتوار 10 مئی 2026

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ڈھاکا ٹیسٹ میچ(dhaka test match) میں تیسرے دن پاکستانی ٹیم 386 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جبکہ دن کے اختتام تک بنگلادیش نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 7 رنز بنالیے، اس طرح ہوم ٹیم کی برتری 34 رنز ہوگئی۔

آج قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگ کا آغاز ایک وکٹ پر 179 رنز سے کیا اور پوری ٹیم 386 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اذان اویس نے شاندار 103 رنز اسکور کیے، عبداللّٰہ فضل 60، محمد رضوان 59 اور سلمان علی آغا 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

دیگر بیٹرز میں امام الحق نے 45 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 13 رنز بنائے۔بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تسکین احمد اور تیج الاسلام نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے کریز پر موجود اذان اویس نے 84 اور عبداللّٰہ فضل نے 37 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا اور کچھ ہی دیر بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اذان اویس نے اپنی سنچری مکمل کی۔

بعدازاں وہ پہلے ہی سیشن میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد پاکستان کی تیسری وکٹ 226 رنز پر گر گئی جب کپتان شان مسعود 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اگلے ہی اوور میں 227 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی جب سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 230 رنز پر گری جب عبداللّٰہ فضل 60 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

چھٹی وکٹ پر محمد رضوان اور سلمان آغا نے پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 349 تک پہنچایا، اس دوران دونوں بیٹرز نے اپنی نصف سنچریاں بھی اسکور کیں، جس کے بعد محمد رضوان 59 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تیسرے دن کے اختتام پر بنگلادیش کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 7 رنز بنالیے اور اسے پاکستان کے خلاف 34 رنز کی برتری حاصل ہے۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں بنگلادیش کی ٹیم 413 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ نجم الحسن شانتو 101، مومن الحق 91 اور مشفیق الرحیم 71 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

مزید پرھیں:داعش سے منسلک برطانوی شہریت کھونے والی خواتین برطانیہ لوٹ سکتی ہیں

پاکستان کے محمد عباس نے 5 اور شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔